Urdu News

ہندوستان۔وسط ایشیا تعاون علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم : وزیر اعظم مودی

ہندوستان۔وسط ایشیا تعاون علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اہم : وزیر اعظم مودی

 وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو وسطی ایشیا کے ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعاون کو علاقائی سلامتی اور خوشحالی کے نقطہ نظر سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو افغانستان میں پیش رفت کے حوالے سے مشترکہ رویہ اپنانا چاہیے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو لنک کے ذریعے قزاقستان، کرغستان جمہوریہ، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے صدور کی شراکت کے ساتھ ہندوستان-وسط ایشیا چوٹی کانفرنس کی پہلی میٹنگ کی میزبانی کی۔

سربراہی اجلاس کے کھلے اجلاس میں اپنے تمہیدی کلمات میں، وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہم نے افغانستان میں پیش رفت سے علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے جس سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے سابق سوویت یونین کی تحلیل کے بعد وجود میں آنے والے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تین دہائیوں پر محیط سفارتی تعلقات کو معنی خیز قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے ایک پرجوش انداز اپنانا چاہیے۔ اس کے لیے انہوں نے اگلے تین سالوں کے لیے باہمی تعلقات کی ترقی کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی تجویز دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وسطی ایشیا کے ساتھ ہندوستان کے قریبی تعلقات علاقائی سلامتی اور خوشحالی کی لازمی شرط ہیں۔ یہ تعلقات ہندوستان کی جامع پڑوسی پالیسی کا حصہ ہیں۔انہوں نے باہمی تعاون کے لیے ایک موثر فریم ورک بنانے پر زور دیا تاکہ مسلسل رابطہ اور بات چیت جاری رہے۔ انہوں نے اس علاقے میں رابطے کی سہولیات کے قیام اور توسیع پر بھی زور دیا۔

مودی نے اپنے خطاب میں قزاقستان کے ساتھ ہندوستان کے پرانے سیکورٹی تعلقات کا حوالہ دیا اور اس کے ساتھ تعلقات کو ہندوستان کی توانائی کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے ازبکستان کے ساتھ ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے رابطہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 کھلے اجلاس کے بعد، ان رہنماؤں نے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان اس طرح کی پہلی سطح کی بات چیت ہے۔ یہ سربراہی اجلاس وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

وزارت کے مطابق، پہلی چوٹی کانفرنس کے دوران ہندوستان-وسطی ایشیا تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔ اس سے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بالخصوص ابھرتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا امکان ہے۔ یہ چوٹی کانفرنس ہندوستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں کے ذریعہ ایک جامع اور پائیدار ہندوستان-وسط ایشیا شراکت داری کی اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔

Recommended