Urdu News

بجٹ سیشن 2022: مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد پر کام کر رہی ہے حکومت: صدرجمہوریہ

بجٹ سیشن 2022: مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد پر کام کر رہی ہے حکومت: صدرجمہوریہ

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اپنی حکومت کی حصولیابیوں اور اسکیموں کی تعریف کرتے ہوئے  پیر کے روز کہا کہ ان کی حکومت 'سب کا ساتھ، سب کا  وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس' کے اصول  پر عمل کرتے ہوئے  آئندہ 25 سالوں تک مضبوط بنیاد تیار کرنے کی سمت میں تیزی سے کام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بنیاد کا سب سے اہم عزم  ایک ہمہ جہت، سب کے لئے فائدہ مند، مضبوط ہندوستان کی تعمیر اور ملک کی خود انحصاری ہے۔ کورونا کے اس مشکل وقت کے چیلنجز نے ہم وطنوں کو جلد از جلد اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لئے ترغیب  دی ہے۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بجٹ اجلاس کے آغاز سے پہلے اپنے خطاب میں مرکزی حکومت کے جامع ترقیاتی کاموں اور ملک کے اقتصادی اور تکنیکی میدان میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ کووند نے اپنے خطاب میں کورونا وبا کے دوران حکومت کے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ ہندوستان کے ذریعہ اور ہندوستان میں بن رہی  ویکسین پوری دنیا کو وبا سے پاک کرانے اور کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ سال 2047 میں ملک آزادی کی صد سالہ جشن منائے گا۔ اس وقت کے شاندار، جدید اور ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے آج سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ آج ملک کی حصولیابیاں اور کامیابیاں ہندوستان کی صلاحیت اور امکانات کی طرح ہی لامحدود ہیں۔ یہ کامیابیاں کسی ایک ادارے یا اسٹیبلشمنٹ کی نہیں، بلکہ ملک کے مختلف شہریوں کی ہیں۔ اس میں کروڑوں ہم وطنوں کی محنت اور پسینہ شامل ہے۔

خواتین کو بااختیار بنانا

صدر جمہوریہ نے اپنی حکومت کے ذریعہ خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبے میں کئے گئے کاموں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے تین طلاق کو قانونی طور پرجرم قرار دے کر معاشرے کو اس برے عمل سے نجات دلانے کی  شروعات کی ہے۔ مسلمان خواتین پر صرف محرم کے ساتھ حج کرنے کی پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔

خواتین کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولنے پر حکومت کی بھرپور تعریف کی۔ صدر کووند نے کہا کہ ان کی حکومت کے پالیسی ساز فیصلے اور حوصلہ افزائی کی وجہ سے مختلف پولیس فورسز میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعداد 2014 کے مقابلے دوگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ یہی نہیں، دیہی معیشت میں خواتین کا کردار مزید اہم اور وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ سال 2021-22 میں 28 لاکھ سیلف ہیلپ گروپس کو بینکوں نے 65 ہزار کروڑ روپے کی امداد دی ہے۔ یہ رقم 2014-15 کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہے۔

دفاعی شعبہ

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارا مقصد اپنی افواج کو تمام ضروری ساز و سامان فراہم کرنا ہے۔ ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ وہ مقامی طور پر تیار  ہوں۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے ساتھ 83 ایل سی اے تیجس جنگیطیاروں کی تیاری کا معاہدہ کیا ہے۔ حکومت نے آرڈیننس فیکٹریوں کو 7 ڈیفنس پی ایس یوزمیں تبدیل کرنے کے لیے اہم قدم اٹھائے ہیں۔ دفاعی شعبے میں نجی شعبے اور اسٹارٹ اپس کو تیزی سے فروغ دینے کے لیے حکومتپوری طرح پرعزم ہے۔

جموں و کشمیر اور شمال مشرقی

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت شمال مشرق میں بھی  ملکترقی کی طرف گامزن ہے۔ تمام دارالحکومتوں کو ریلوے کے نقشے سے جوڑا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے تقریباً 28 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے نئی مرکزی اسکیم شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل کاربی آنگ لانگ کے دہائیوں پرانے تبازعہ کو ختم کرنے کے لئے مرکز اور آسام حکومت کاربی گروپ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط ہواہے۔ اس سے خطے میں امن اور خوشحالی کے نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

ریلوے

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ہندوستانی ریلوے کو تیز رفتاری سے جدید بنا رہی ہے۔ گزشتہ 7 سالوں میں 24 ہزار کلومیٹر ریلوے لائنوں کی بجلی کاری کی گئی  ہے۔ کشمیر میں دریائے چناب پر تعمیر ہونے والا ریلوے آرچ پل توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

معیشت

صدرجمہوریہ کووند نے کہا کہ حکومت کی مسلسل کوششوں سے ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت بن گیا ہے۔ آج ہندوستان دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل بنانے والا ملک بن گیا ہے۔صدرجمہوریہ نے معیشت میں مائیکرو، میڈیم اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کے تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور خودکفیل ہندوستان کورفتار دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کی مدت کے دوران بحران سے بچانے کے لیے ضروری قرض فراہم کرنے کے لیے 3 لاکھ کروڑ روپے کے ضمانتی قرض کا انتظام کیا ہے۔

کورونا وبا

کورونا وبا کے دوران جانیں گنوانے والے کورونا جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت اور شہریوں کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور تعاون جمہوریت کی مضبوطی کی بے مثال نظیریں ہے اورکورونا کی لڑائی میں مل کر لڑنے کے لئے انہوں نے ملک کے شہریوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں 150 کروڑ سے زیادہ کورونا ویکسین دی ہیں۔ یہ وبا کے خلاف جنگ میں ہماری طاقت کی علامت ہے۔ 90 فیصد سے زیادہ بالغ شہریوں نے پہلی خوراک حاصل کی ہے اور 70 فیصد نے دونوں خوراک حاصل کی ہیں۔ اب ہندوستان کی ویکسین دنیا کو مدد پہنچارہی ہے۔

کورونا کے ساتھ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے لیے حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے صدر نے اسے قابل ستائش مثال قرار دیا۔انہوں نے صحت کی خدمات کے ساتھ ساتھ  ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر اور آیوشمان بھارت کارڈ کے ذریعے غریبوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 ہزار سے زیادہ جن اوشدھی کیندروں کے ذریعے ادویات کم قیمت پر دستیاب کرائی جا رہی ہیں۔

سماجی انصاف

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی حکومت انتیودیا کے بنیادی اصول پر یقین رکھتی ہے جس میں سماجی انصاف، مساوات اور سب کے لیے مساوی مواقع شامل ہیں۔ انہوں نے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا اور جن دھن، آدھار اور موبائل کے ملن سے  شہریوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں معلومات دی۔

انہوں نے ڈیجیٹل انڈیا اور ڈیجیٹل اکونامی کے بڑھتے ہوئے پھیلاو اوریوپی آئی  پلیٹ فارم کی کامیابی کی تعریف کے لئے کے لیے حکومت کے وژن کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ 2021 میں یو پی آئی کے ذریعے ملک کے 8 لاکھ کروڑ سے زیادہ لین دین ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت غریبوں کو 2 کروڑ سے زیادہ پکے مکانات فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 1.5 لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک کروڑ 70 لاکھ مکانات کو منظوری دی گئی ہے۔

صدر جموریہ کووند نے کہا کہ زرعی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ تین لاکھ کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ 11 کروڑ سے زیادہ کسان خاندانوں کو ایک لاکھ 80 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ زراعت میں سرمایہ کاری کے نتائج نظر آرہے ہیں۔

تعلیم

صدر جمہوریہ نے قومی تعلیمی پالیسی اور اس میں ہندوستانی زبانوں کو دی گئی  ترجیحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ گریجویشن کے امتحان میں ہندوستانی زبانیں استعمال میں لائی جا رہی ہیں۔ 10 ریاستوں کے 19 انجینئرنگ کالجوں میں 6 ہندوستانی زبانوں میں پڑھائی  شروع ہو رہی ہے۔

یوتھ پاور اور اسٹارٹ اپس

ٹوکیو اولمپکس کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو نوجوان طاقت کی صلاحیت بتاتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان نے بین الاقوامی مقابلے میں اب تک کی بہترین کارکردگی میں 7 تمغے جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانیوں نے ٹوکیو پیرالمپکس میں 19 تمغے جیت کر ایک ریکارڈ قائم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم ان لامحدود امکانات کی ایک مثال ہے جو نوجوانوں کی قیادت میں تیزی سے تشکیل پا رہے ہیں۔ سال 2021 میں، ہندوستان میں 40 سے زیادہ یونی کارن اسٹارٹ اپس وجود میں آئے، جن میں سے ہر ایک کی قیمت 7400 کروڑ سے زیادہ ہے۔

صدرجمہوریہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چھوٹے کاروباریوں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوششوں سے ملک میں کھادی کی فروخت میں 2014 کے مقابلے میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ مشن کرم یوگی کے تحت حکومت نے سرکاری ملازمین کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک صلاحیت سازی کمیشن قائم کیا ہے۔ مشن کرم یوگی سرکاری ملازمین کے کیریئر میں بھی مددگار ثابت ہوگا اور انہیں قوم کی تعمیر کی نئی ذمہ داریوں کے لیے بھی تیار کرے گا۔

وراثت

صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت ہند قدیم ورثے کی حفاظت، افزودگی اور مضبوطی کی ذمہ داری بھی پوری کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھولاویرا کی ہڑپہ سائٹ اور تلنگانہ کے تیرھویں صدی کے کاکتیہ رودیشور رامپا مندر کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 سال قبل ہندوستان میں چوری ہوئی ماں اناپورنا کی مورتی کو واپس لا کر کاشی وشوناتھ مندر میں نصب کر دیا گیا ہے۔

Recommended