معروف شاعر ذکیؔ طارق صاحب کی والدہ کی رحلت کے موقع پر’’بزم ایوانِ غزل ‘‘ کی طرف سے تعزیت پیش کی گئی
سعادت گنج،بارہ بنکی
بزم ایوان غزل کا ماہانہ طرحی مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں طارق انصاری صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ارشاد انصاری صاحب نے شرکت فرمائی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعرراشدؔ ظہور نے انجام فرمائے۔
مشاعرہ کاآغاز مشتاق ؔ بزمی نے نعت پاک سے کیا اس کے بعدباقاعدہ مشاعرہ کی ابتدا ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذر قارئین ہے ملا حظہ فر مائیں۔
محبت میں ذرا سا فاصلہ رکھنا ضروری ہے
کسی کو اتنا مت چاہو کہ اس پر بار ہو جائے
طارق انصاری
جلا دو کشتیاں ساحل پہ لے کر نام اللہ کا
پھر اسکے بعد میں اس پار سے اس پار ہو جاؤ
بیڈھب بارہ بنکوی
ہمیشہ ہجر میں ہی رہنا ہے کیا اے مری جاناں
کبھی تو وصل کی لذت سے بھی دوچار ہو جاؤ
نازش بارہ بنکوی
تقاضہ ہے محبت میں یہی تم سے مرے ہمدم
مجھے اپنا بنالو، مجھ سے یا بیذار ہو جاؤ
سحر ایوبی
میں اپنے پیار کو یکساں بتانے پر نہیں قائل
کبھی انکار بن جاؤ کبھی اقرار بن جاؤ
مشتاق بزمی
سفر مشکل سے مشکل بھی بہت آسان ہو جائے
اگر تم ساتھ چلنے کے لیے تیار ہو جاؤ
دلکش چوکھنڈوی
تمہیں تو یاد ہے ناں کل مری قیمت لگائی تھی
سو اب بکنے کی خاطر آپ بھی تیار ہو جاؤ
اشرف قریشی
شفق حق بات کا پرچم جہاں میں پھر اٹھاناہے
کبھی خالد کبھی حمزہ کبھی ضرار ہو جاؤ
شفق ضرار رامپوری
کہیں ایسا نہ ہو تم پیر سے بیکار ہو جاؤ
تمہاری مہ جبیں آئے تو تم لا چار ہو جاؤ
عظیم چو کھنڈوی
تمہارے عزم محکم سے صف باطل لرز اٹھے
تم ایسے فتح نصرت کے علمبر دار ہو جاؤ
راشد ظہو ر سیدنپوری
بھلانا تم نہ اپنا وقت اور شکر خدا کرنا
خدا کے فضل سے اسلمؔ جو تم ذردار ہو جاؤ
اسلم سیدنپوری
ہر اک شے سے زیادہ یہ عمل محبوب ہے رب کو
پریشاں حال کے غم میں اگر غمخوار ہو جاؤ
حامد مصطفیٰ آبادی
تم اپنارز ق لینے کے لیے تیار ہو جاؤ
اذانِ فجر سن کے نیند سے بیدار ہو جاؤ
اثر سیدنپوری
مصور ہوں کئی خاکے ہیں میرے ذہن کے اندر
مگر میں چاہتا ہوں تم مرے شہکار ہو جاؤ
کلیم طارق
ان شعراکے علاوہ آفتاب جامی ،طا لب نور نے بھی اپنا اپناکلام پیش کیا اس کے بعد معروف شاعر ذکیؔ طارق صاحب کی والدہ کیرحلت کے موقع پر ’’ بزم ایوانِ غزل ،، کی طرف سے تعزیت پیش کی گئی اور مرحومہ کیلئے مغفرت کی دعا بھی کی گئی اس مو قع پر محمد وسیم ماسٹر محمد قسیم ، ماسٹر محمد حلیم، محمد سفیان اعتاق نے بھی شرکت کی۔بزم کی اگلی نششت ۲۰؍فروری ۲۰۲۲بروزاتوار ۱یک بجے دن میں ہوگی جس کا مصرع طرح مندرجہ ذیل ہے۔
ذراسی ٹھیس لگنے سے یہ شیشہ ٹوٹ جائے گا