برتھ ڈے اسپیشل، 4 فروری
بالی ووڈ میں رنگیلا گرل کے نام سے مشہور ارمیلا مانتوڈکر 4 فروری 1974 کو پیدا ہوئیں۔ انہوں نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز بطور چائلڈ آرٹسٹ مراٹھی فلم 'جکول' سے کیا۔ اس کے بعد سال 1981 میں ارمیلامانتوڈکرکر کو ہدایت کار شیام بینیگل کی ہندی فلم 'کل یگ' میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ارمیلا 'پریکشت' کے کردار میں نظر آئیں۔ سال 1983 میں ارمیلا کو شیکھر کپور کی فلم 'معصوم' میں اداکاری کا موقع ملا۔
اس فلم میں ارمیلا کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی۔ اس کے بعد ارمیلا کئی فلموں میں اداکاری کرتی نظر آئیں۔ بالغ اداکار کے طور پر ارمیلا کی پہلی فلم نرسمہا (1991) تھی۔ اس فلم میں وہ سنی دیول، ڈمپل کپاڈیہ اور روی بہل کے ساتھ نظر آئیں۔
سال 1992میں ریلیز ہوئی فلم چمتکار بطور مرکزی کردار میں ارمیلا کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں۔ سال 1995 میں ارمیلا نے رام گوپال ورما کی فلم 'رنگیلا' میں عامر خان اور جیکی شراف کے ساتھ کام کیا۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ رہی تھی۔ فلم میں ان کی اداکاری کو نہ صرف پسند کیا گیا بلکہ وہ فلم 'رنگیلا رے' کے ایک گانے سے بالی ووڈ میں 'رنگیلا گرل' کے نام سے مشہور ہوئیں۔ اس کے بعد ارمیلا ہندی کے ساتھ ساتھ تمل، تیلگو، ملیالم اور مراٹھی میں بھی کئی فلموں میں نظر آئیں۔ ان کی اہم فلموں میں جدائی، ستیہ، خوبصورت، جنگل، پیار تونے کیا کیا، بھوت، پنجر، ایک حسینہ تھی،قرض، تہذیب وغیرہ شامل ہیں۔
ارمیلا نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ماڈل اور بزنس مین محسن اختر میر سے 3 مارچ 2016 کو شادی کی۔ اس وقت ارمیلا فلموں سے دور ہیں اور سیاست میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے سال 2019 میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی، لیکن جلد ہی اس سے استعفی بھی دے دیا اور دسمبر 2020 میں شیوسینا میں شامل ہوگئیں۔ ارمیلا سوشل میڈیا پر بھی کافی ایکٹیو رہتی ہیں۔ ملک اور بیرون ملک میں اس خوبصورت اور معصوم اداکارہ کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔