سپریم کورٹ نے انجینئرنگ گریجویٹ طلبا کی اہلیت کا تعین کرنے کے لیے ہونے والے گیٹ امتحان کو ملتوی کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی زیرقیادت والی بنچ نے کہا کہ امتحان سے 48 گھنٹے پہلے اسے ٹالنے کا حکم الجھن اور مسئلہ پیدا کرے گا۔
کورونا کی تیسری لہر کے باعث امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیاتھا۔ گیٹ کا امتحان 5 فروری سے ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ہم طلبہ کے مستقبل سے نہیں کھیل سکتے۔ اب سب کچھ کھل رہا ہے، ہم امتحان روکنے کا حکم نہیں دے سکتے۔
سماعت کے دوران ایک درخواست گزار کی جانب سے وکیل پلوو مونگیا نے نے کہا کہ تقریباً نو لاکھ طلبہ اس امتحان میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں میں ویک اینڈ لاک ڈاون جاری ہے۔ ایسے میں امتحان کا انعقاد مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے گیٹ امتحان کو ایک ماہ تک بڑھانے کا مطالبہ کیاہے۔