Urdu News

کورونا کے نئے معاملوں میں کمی، گزشتہ24 گھنٹوں میں 83 ہزار نئے مریض

کورونا کے نئے معاملوں میں کمی، گزشتہ24 گھنٹوں میں 83 ہزار نئے مریض

نئی دہلی، 07 فروری (انڈیا نیرٹیو)

ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں معمولی کمی آئی ہے۔ پیر کی صبح تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 83 ہزار 876 نئے مریض سامنے آئے۔ اس دوران کورونا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 99 ہزار 54 ہوگئی۔ تاہم اس دوران 895 متاثرہ افراد کی موت ہو گئی۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد چار کروڑ 6 لاکھ 60 ہزار 202 ہے۔ اس دوران صحت یابی کی شرح میں بہتری کے ساتھ یہ بڑھ کر 96.19 فیصد ہو گئی ہے۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد کم ہو کر 11 لاکھ 8 ہزار 938 ہو گئی ہے۔ روزانہ انفیکشن کی شرح 7.25 فیصد ہے۔

آئی سی ایم آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک کل 74 کروڑ 15 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔

ملک میں 169.63 کروڑ ویکسین لگائی گئیں

کورونا کے خلاف جنگ میں موثر ویکسینیشن مہم کے تحت گزشتہ24 گھنٹوں میں ملک میں تقریباً 14 لاکھ 70 ہزار ویکسین لگائی گئیں۔ اس کے ساتھ ملک میں اب تک 169 کروڑ 63 لاکھ ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق، پیر کی صبح تک ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 167 کروڑ، 84 لاکھ ویکسین کی خوراکیں مفت دستیاب کرائی گئی ہیں۔ ریاستوں کے پاس اب بھی ویکسین کی 12.07 کروڑ خوراکیں موجود ہیں۔

Recommended