نئی دلی۔ 7 فروری
پروفیسر شانتی سری دھولیپوڈی پنڈت کو ملک کی باوقار جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کا نیا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ دھولیپوڑی پنڈت جے این یو کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہوں گی۔ ان کی میعاد پانچ سال ہوگی۔ اس سے پہلے وہ ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی میں پروفیسر تھیں۔دھولیپوڈی، جو جے این یو کے 13ویں وائس چانسلر بننے جا ر ہی ہیں وہ پروفیسر ایم جگدیش کمار کی جگہ لیں گے، جنہیں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی)کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
ایم جگدیش کمار گزشتہ سال جے این یو کے وائس چانسلر کے طور پر اپنی پانچ سالہ میعاد پوری ہونے کے بعد سے قائم مقام وائس چانسلر کے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔شانتی سری جے این یو کی سابق طالبہ ہیں۔ انہوں نے 1986 میں ایم فل اور 1990 میں یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس سے پہلے انہوں نے پریزیڈنسی کالج، مدراس سے پولیٹیکل سائنس میں پوسٹ گریجویشن کیا۔ وہ ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی سے پہلے گوا یونیورسٹی میں بھی پڑھا چکی ہیں۔59 سالہ شانتی سری روس کے سینٹ پیٹرزبرگ میں پیدا ہوئیں۔
پھر ان کی والدہ وہاں لینن گراڈ اورینٹل فیکلٹی ڈیپارٹمنٹ میں تامل اور تیلگو مضامین کی پروفیسر تھیں۔وہ ایک ایسے وقت میں یونیورسٹی کی باگ ڈور سنبھال رہی ہیں جب سابق وائس چانسلر کمار اور طلباء کے ایک حصے کے درمیان کئی مسائل پر تنازعہ چل رہا ہے۔ ایسے میں تمام طلبہ کے ساتھ اچھے تعلقات کی بحالی ان کی ترجیحات میں شامل ہوگی۔