وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو اپنے سری لنکا کے ہم منصب جی ایل پیرس کے ساتھ دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ پیرس اتوار کو تین روزہ دورے پر دہلی پہنچے تھے۔
ملاقات اور بات چیت کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، وزیر خارجہ جے شنکر نے ٹویٹ کیا کہ سری لنکا کے وزیر خارجہ جی ایل پیرس کے ساتھ ان کی بہت مفید بات چیت ہوئی۔ سری لنکا میں اقتصادی استحکام کے لئے سرمایہ کاری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا میں توانائی کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے اضافی اقدامات پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت نے پڑوسی ملک سری لنکا کے ساتھ ماہی گیروں کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ حکام جلد از جلد ملاقات کریں گے۔ یہ تسلیم کیا گیا کہ اقتصادی بحالی کے لئے زیادہ سیاحت کی بہت اہمیت ہے۔ بہتر تعلقات کے لئے عوامی رابطے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔جے شنکر نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی آزادی اور سفارتی تعلقات کے 75 ویں سال کو پروقار طریقے سے منائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ سری لنکا شدید زرمبادلہ اور توانائی کے بحران سے دوچار ہے۔ حال ہی میں کولمبو کو بھارت سے 500 ملین امریکی ڈالر کی امداد دی گئی ہے۔