نئی دہلی، 10 فروری 2022:
سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری کا کہنا ہے کہ سڑک سلامتی ایک ازحد سنگین مسئلہ ہے اور سڑک حادثات کے لیے صفر برداشت کا رویہ اپنایا جانا چاہئے۔ بھارت میں موٹر گاڑی تحفظ ایکونظام کے موضوع پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ، انہوں نے کہا کہ تمام تر کوششوں کا مقصد 2025 تک سڑک حادثات کی تعداد میں 50 فیصد تک تخفیف لانا ہے۔جناب گڈکری نے تحفظاتی انتظامات میں بہتری لانے کے لیے 4 اضافی ایئر بیگ اور 3 پوائنٹ والی سیٹ بیلٹ کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ موٹر گاڑی کی سلامتی میں بہتری لانے کی غرض سے معیارات اور پروٹوکول کی بنیاد پر گاڑی کی اسٹار ریٹنگ کے لیے ایک نظام کی تجویز پیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے موٹر گاڑی خریدنے والے کو باخبر فیصلے لینے میں مدد ملے گی۔
زیر نفاذ دیگر تحفظاتی نظاموں کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے، جناب نتن گڈکری نے الیکٹرانک اسٹیبلٹی کنٹرول، ایڈوانسڈ ایمرجنسی بریکنگ سسٹمز (اے ای بی ایس)، خطرناک سازو سامان کا نقل و حمل، دیویانگ جنوں کے نقل و حمل میں آسانی، ڈرائیور کی غنودگی کا انتباہی نظام (ڈی ڈی اے ڈبلیو)، بلائنڈ اسپاٹ انفارمیشن سسٹم، ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹنگ سسٹم اور لین ڈیپارچر وارننگ سسٹم (ایل ڈی ڈبلیو ایس) کے بارے میں بات کی۔ وزیر موصوف نے صوتی آلودگی میں تخفیف لانے اور برقی گاڑیوں کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
جناب گڈکری نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ میڈیا اور عوامی شراکت داری کے ذریعہ معلومات کی ترسیل سے سڑک تحفظاتی اقدامات کے لیے بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کی جائے۔