Urdu News

سعودی عرب کے ساتھ مکالمہ جاری،ترکی کوجلد پیش رفت کی توقع :صدر طیب اردغان

سعودی عرب کے ساتھ مکالمہ جاری،ترکی کوجلد پیش رفت کی توقع :صدر طیب اردغان

انقرہ،17فروری (انڈیا نیرٹیو)

ترک صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے اور انقرہ کوآیندہ عرصے میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پیش رفت کی توقع ہے۔

ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق صدر ااردغان  متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے سے واپسی پراپنے ہم راہ طیارے میں سوار صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مثبت مکالمہ جاری ہے اور ہم آنے والے عرصے میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پیش رفت کے منتظر ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ اس مذاکراتی عمل کو مثبت سمت میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر اردغان  نے جنوری میں کہا تھا کہ وہ فروری میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے لیکن ہنوز دونوں میں سے کسی بھی ملک نے اس دورے کی تصدیق کے لیے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ان سے گذشتہ ماہ سعودی عرب کو ترکی کی برآمدات کے حوالے سے ایک تقریب میں سوال پوچھا گیا تھا۔انھوں نے اس کے جواب میں کسی شخصیت کا نام لیے بغیر کہا تھا:”وہ فروری میں مجھ سے توقع کررہے ہیں۔انھوں نے ایک وعدہ کیا تھا اور میں فروری میں سعودی عرب کا دورہ کروں گا“۔

سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اردغان  اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان آخری مرتبہ ٹیلی مواصلاتی رابطہ مئی 2021 میں ہواتھا اور انھوں نے ٹیلی فون پر دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

Recommended