مسلم راشٹریہ منچ کی وسطی اتر پردیش کنوینر نکہت پروین پر جمعرات کو لکھنؤ کے چوک میں شر پسند عناصر نے حملہ کر دیا۔ حملے میں نکہت پروین اور ان کا بیٹا امان شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حملہ آوروں کے خلاف چوک تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت راشد عرف ساجد، مظفر حسین اور مشرف حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
نکہت پروین مسلم راشٹریہ منچ، وسطی اتر پردیش کی کنوینر ہیں۔ وہ لکھنؤ کے ٹھاکر گنج تھانے کے عسکری منزل روشن آباد آہیرانکھیڑا میں رہتی ہیں۔ وہ ایک ادارہ اور ایک مدرسہ بھی چلاتی ہیں، جس میں غریب مسلمان لڑکیوں کو تعلیم دی جاتی ہے۔ جمعرات کو کیمپ ویل روڈ پر واقع سنسکار لان میں ووٹر بیداری کے لیے ایک مسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی آل انڈیا ایگزیکٹو کے رکن اور مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست اندریش کمار موجود تھے۔ نکہت پروین اس پروگرام کی کنوینر تھیں۔ پروین کو بدھ کو بھی دھمکیاں ملی تھیں۔