بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین T20Iسیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ محدود اوورز کے فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد روہت شرما کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ روہت شرما اب تینوں فارمیٹس میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان بن گئے ہیں۔
آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی کے صدر چیتن شرما نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویراٹ کوہلی اور رشبھ پنت کو آرام دیا گیا ہے۔ شاردول ٹھاکر کو بھی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز دونوں سے آرام دیا گیا ہے۔ اوپنر کے ایل راہل اور آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو ان فٹ ہونے کی وجہ سے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ ٹیم سے سینئر کھلاڑیوں چیتیشور پجارا اور اجنکیا رہانے کے اخراج کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دونوں کو اس سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔ انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
چیتن شرما نے روہت کو کپتان بنانے کے بارے میں کہا کہ روہت ملک کے نمبر ایک کھلاڑی ہیں۔ وہ تینوں فارمیٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ بالکل فٹ ہیں۔ اتنا بڑا اور تجربہ کار کھلاڑی کپتان بن گیا تو لیڈر بھی مستقبل کے لیے تیار ہو جائیں گے۔
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 24 فروری سے ہوگا جب کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 4 مارچ سے شروع ہوگی۔
ٹیسٹ اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، مینک اگروال، پریانک پنچال، ویراٹ کوہلی، شریاس ایر، ہنوما وہاری، شبھمن گل، رشبھ پنت، کے ایس بھرت، جینت یادو، روی چندرن اشون، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادو (جسپریت بمراہ نائب کپتان)، محمد شامی، محمد سراج، امیش یادو، سوربھ کمار۔
T20اسکواڈ: روہت شرما (کپتان) ، رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن، سوریہ کمار یادو، شریاس ایر، وینکٹیش ایر، دیپک ہوڈا، بھونیشور کمار، دیپک چاہر، جسپریت بمراہ (نائب کپتان) ، محمد سراج، ہرشل پٹیل، سنجو سامسن رویندرا جڈیجا، یوزویندر چہل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، اویس خان۔