کرناٹک میں حجاب کو لے کر شروع ہوا تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ریچا چڈھا، سوارا بھاسکر، کنگنا رناوت، جاوید اختر جیسے ستاروں کی جانب سے رد عمل کے بعد اب زائرہ وسیم بھی اس سلسلے میں ایک اور نام کا اضافہ ہوگیا ہے۔ دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار اور دی اسکائی از پنک جیسی فلموں میں نظر آنے والی اداکارہ زائرہ وسیم ملک میں جاری حجاب تنازع پر برہمی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔
زائرہ وسیم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’حجاب پہننا ایک آپشن ہے، یہ سوچ غلط ہے۔ ایسی سوچ سہولت یا لاعلمی سے پیدا کی گئی ہے۔اسلام میں حجاب کوئی انتخاب نہیں بلکہ ایک فرض ہے۔ عورت حجاب پہنتی ہے تاکہ اللہ کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کو پورا کیا جا سکے جس سے وہ محبت کرتی ہے اور جسے اس نے اپنے آپ کو سونپ دیا ہے۔ ایک عورت کے طور پر میں شائستگی کے ساتھ حجاب پہنتی ہوں، میں اس پورے نظام کی مخالفت کرتی ہوں۔ جہاں خواتین کو محض مذہبی پاسداری پر روکا اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔
مسلم خواتین کے خلاف اس تعصب کا رویہ اپنانا اور ایسا نظام قائم کرنا جہاں انہیں تعلیم اور حجاب کے درمیان فیصلہ کرنا ہو یا ترک کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ آپ انہیں ایک خاص انتخاب کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سب سے بڑھ کر یہ کہنا کہ یہ سب کچھ بااختیار بنانے کے نام پر کیا جا رہا ہے جب کہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ یہ بہت افسوسناک ہے۔'
قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ دنوں کرناٹک کے کئی اسکولوں اور کالجوں میں حجاب کو لے کر ہنگامہ ہوا تھا۔ اسی دوران کرناٹک کے ایک کالج کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا، جس میں ایک لڑکی حجاب پہن کر کالج آتی ہے۔ پھر طلبہ کا ہجوم لڑکی کی طرف بڑھتا ہے۔ لڑکی کے سامنے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے جاتے ہیں، تو لڑکی بھی ’اللہ ہو اکبر‘ کے نعرے لگا کر جواب دیتی ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی جس کے بعد حجاب کے معاملے پر ہر کوئی اپنا ردعمل دینے لگا اور یہ تنازعہ بڑھ گیا۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر صارفین کو دو گروپوں میں تقسیم دیکھا گیا۔ کچھ نے اس کی حمایت کی تو کچھ نے اسے مسترد بھی کیا۔