Urdu News

جنوبی دلّی سی جی ایس ٹی نے 611 کروڑ روپئے کے جعلی انوائس ریکیٹ کا پتہ لگایا ہے

جی ایس ٹی

 نئی دلّی ،24 فروری / جنوبی دلّی کی سی جی ایس ٹی کمشنریٹ کے افسران نے کچھ مخصوص  جعلی فرموں سے متعلق  خفیہ معلومات حاصل کی ہیں ۔ اِن جعلی فرموں کا مقصد صرف  جعلی انوائس تیار کرنے اور  ان کے ذریعے ٹیکس کریڈٹ کو حاصل کرنا تھا ۔

          اس معاملے سے متعلق   دلّی کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائی اور معائنے کئے گئے ، جس سے 54 جعلی فرموں کا پتہ لگایا گیا ہے ، جو دلّی – این سی آر خطے میں رجسٹرڈ تھیں اور یہ  جعلی انوائس تیار کرنے اور  سرکولر ٹریڈنگ  میں مصروف تھیں ۔   مختلف فرموں کے نام سے  قابلِ اعتراض دستاویزات  ، جیسے ربڑ اسٹامپ ، لیٹر ہیڈ ، موبائل فون ، لیپ ٹاپ  وغیرہ تلاشی کی کارروائی کے دوران ضبط کئے گئے ہیں ۔

          اب تک  کی گئی ابتدائی چھان بین سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 611 کروڑ روپئے کی جعلی  انوائسیں تیارکی گئیں ، جس میں 38.5 کروڑ روپئے سے زیادہ  کی ٹیکس کی چوری کی گئی  ۔  اس  گروپ میں شامل ارکان  کے اقبالیہ  بیانات  درج کئے گئے ہیں ، جن میں انہوں نے ، اِن جعلی فرموں  کے چلانے میں  اپنے رول کو قبول کیا ہے ۔

          اِن جعلی فرموں  کے پس پشت افراد نے ، حکومت  کے ساتھ دھوکہ دہی کی سازش تیار کی اور  سی جی ایس ٹی قانون – 2017 کی دفعہ 132 ( 1 ) ( بی ) اور 132 ( 1 ) ( سی ) کے تحت  جرائم  کو انجام دیا ہے ۔ یہ جرائم  قابل تعزیر اور  نا قابل ضمانت ہیں ۔  اس گروپ کے تین کلیدی افراد   جناب  انکت گپتا ، جو  اِن جعلی فرموں  کو چلانے والا سرغنہ ہے اور اس کے دو ساتھی جناب رابندر سنگھ اور جناب راجندر سنگھ کو 23 فروری ، 2022 ء کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

           ملزموں کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ۔ اس کے بعد ، انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ۔

مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔

Recommended