نئی دہلی، یکم مارچ (انڈیا نیرٹیو)
یوکرین روس جنگ کے درمیان ملک میں عام عوام کو مہنگائی کا دوہرا جھٹکا لگا ہے۔ دودھ کے بعد اب ایل پی جی گیس سلنڈر بھی مہنگا ہو گیا ہے۔ پبلک سیکٹرکی آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاہے۔ تیل کمپنیوں نے 19 کلو کے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 105 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق منگل سے ہو گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد راجدھانی دہلی میں کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 907 1روپے کے بجائے 2012 روپے میں دستیاب ہوگا۔ کولکتہ میں اب یہ ایک ہزار 987 روپے کے بجائے دو ہزار، 095 روپے میں دستیاب ہوگا، جب کہ ممبئی میں اس کی قیمت ایک ہزار، 857 سے بڑھ کر ایک ہزار، 963 روپے ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 5 کلو کے گیس سلنڈر چھوٹو کی قیمت میں 27 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں اس کی قیمت بڑھ کر 569 روپے ہو گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ 6 اکتوبر 2021 کے بعد گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔