Urdu News

روسی حملہ میں دو سیکنڈ میں خارکیف کا انتظامی ہیڈکوارٹر تباہ، روسی فوج اب انتظامی اور رہائشی عمارتوں پر حملہ آور

روسی حملہ میں دو سیکنڈ میں خارکیف کا انتظامی ہیڈکوارٹر تباہ

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں فضائی حملوں کے سائرن گونج رہے ہیں

یوکرین پر روسی حملے کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اب روسی افواج یوکرین کے بڑے شہروں کے انتظامی دفاتر پر براہ راست حملے کر رہی ہیں۔ منگل کو روسی فوج نے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر زبردست حملہ کیا۔ روس کا ایک میزائل براہ راست خارکیف کے انتظامی ہیڈکوارٹر پر گرا۔ میزائل حملے میں انتظامی ہیڈ کوارٹر کی عمارت دو سیکنڈ میں تباہ ہو گئی۔

یہ میزائل منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے کے قریب خارکیف کے انتظامی ہیڈکوارٹر کی عمارت پر داغا گیا۔ جس کی وجہ سے عمارت منہدم ہوگئی، آس پاس موجود کئی شہریوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ خارکیف کے سربراہ اولیگ سینگوبوف نے بھی انتظامی عمارت کے گرنے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج روسی حملے کا چھٹا دن ہے اور اب روسی جانب سے انتظامی اور رہائشی عمارتوں پر بھی حملے کیے جا رہے ہیں۔ انتظامی اور رہائشی عمارتوں پر حملے کو جنگ کے اصولوں کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ سینگوبوف نے کہا کہ روس نے خارکیف پر گریڈ اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا۔ روس اب جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے لیکن ہماری افواج کھڑی ہیں اور روس سے سخت مقابلہ کیا جا رہا ہے۔

خارکیف کے علاوہ روسی فوج نے دارالحکومت کیف کا بھی محاصرہ کر رکھا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔ کیف میں فضائی حملوں کے سائرن مسلسل بج رہے ہیں۔ پورا شہر تقریباً خالی ہے۔ خواتین، بچے اور بوڑھے وہاں سے چلے گئے ہیں جب کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد روسی فوج سے مقابلے کے لیے ٹھہری ہوئی ہے۔

Recommended