Urdu News

آپریشن گنگا: ہندوستانی فضائیہ نے دو دنوں میں 1428 شہریوں کی’وطن واپسی‘ کو یقینی بنایا

آپریشن گنگا: ہندوستانی فضائیہ نے دو دنوں میں 1428 شہریوں کی’وطن واپسی‘ کو یقینی بنایا

جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک آئی اے ایف کے مزید تین سی -17طیارے ہنڈن ایئربیس پر واپس آئے

نئی دہلی، 04 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستانی فضائیہ نے 'آپریشن گنگا' میں شمولیت کے بعد جنگ زدہ یوکرین کے پڑوسی ممالک سے دو دن کے اندر  1,428 شہریوں اور طلبا  کی محفوظ 'وطن واپسی' کرائی ہے۔آئی اے ایف کے مزید تین سی -17 طیارے  جمعرات کی دیر شب  سے جمعہ کی علی الصبح  تک ہنڈن ایئربیس پر واپس آئے۔ ان طیاروں میں یوکرین تنازعہ سے متاثرہ 630 ہندوستانی شہریوں کو رومانیہ اور ہنگری سے لایا گیا ہے۔ اب تک ان طیاروں نے متاثرہ افراد کے لیے 9.7 ٹن امدادی سامان بھی فراہم کیا ہے۔

 جنگ زدہ یوکرین سے باہر نکل کر پڑوسی ممالک میں جانے والے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے ہندوستان نے 26 فروری سے 'آپریشن گنگا' شروع کیا۔ ہندوستان نے یوکرین سے ملحقہ ممالک رومانیہ، پولینڈ، سلوواکیہ اور ہنگری کے راستے اپنے شہریوں کو نکالنا شروع کر دیا تھا کیونکہ روس کی فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد 24 فروری سے یوکرین کی فضائی حدود بند کر دی گئی تھی۔  نجی کمپنیوں کے طیاروں سے چلنے والے اس آپریشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل کے بعد ہندوستانی فضائیہ بھی یکم مارچ سے شامل ہو گئی۔

فضائیہ کا پہلا سی-17 گلوب ماسٹر طیارہ 03 مارچ کی رات 1 بجے کے تقریباً 200 طلبا  کے ساتھ رومانیہ سے ہندوستان واپس آیا۔ طیارہ اپنے آبائی ائیر بیس ہنڈن ائیر بیس پر اترا۔ اس کے بعد، فضائیہ کا ایک اورسی-17 طیارہ 03 مارچ کی صبح 6 بجے ہنگری کے بوڈاپیسٹ سے دہلی کے قریب اپنے ہوم بیس ہنڈن پر 220 ہندوستانی مسافروں کو لے کر اترا۔ جمعرات کو، دو مزید سی -17 طیارے ایک ہی دن میں سلوواکیہ اور پولینڈ کے 378 شہریوں کو لے کر ہندوستان واپس آئے۔ اس طرح آپریشن گنگا کے تحت پہلے چارسی-17 طیاروں نے رومانیہ، ہنگری اور پولینڈ کے ہوائی اڈوں کا استعمال کرتے ہوئے 798 ہندوستانی شہریوں کو نکالا۔

فضائیہ نے ہر طیارے میں 200 نشستوں کا انتظام کیا ہے یعنی ایک طیارے میں تقریباً 200 ہندوستانیوں کو واپس لایا جا رہا ہے۔ جمعرات کو فضائیہ کی جانب سے 798 شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے بعد دوسرے مرحلے میں مزید تین سی -17 طیارے رومانیہ، ہنگری اور پولینڈ کے لیے روانہ ہوئے۔ فضائیہ نے ہنگری کے بڈاپیسٹ سے سی -17 کے ٹیک آف کی ویڈیو بھی جاری کی۔ یہ تینوں آئی اے ایف کے یہ تینوں سی-17 طیارے 03 مارچ کی دیر رات سے جمعہ کی صبح  میں ہنڈن ایئربیس پر واپس آئے۔ ان طیاروں میں یوکرین تنازعہ سے متاثرہ 630 ہندوستانی شہریوں کو رومانیہ اور ہنگری سے لایا گیا ہے۔ اب تک ان طیاروں نے متاثرہ افراد کے لیے 9.7 ٹن امدادی سامان بھی فراہم کیا ہے۔

Recommended