Urdu News

روس۔ یوکرین عارضی جنگ بندی پر متفق:یوکرین اور روس کے درمیان کامیاب مذاکرات، جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کے محفوظ انخلا پر اتفاق

روس۔ یوکرین عارضی جنگ بندی پر متفق

ماسکو،04مارچ(انڈیا نیرٹیو)

روس اور یوکرین انسانی امداد کے لیے عارضی جنگ بندی پر متفق ہو گئے، دونوں کی جانب سے جنگ زدہ علاقہ چھوڑنے والوں کو بھی راستہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔یوکرین کے خلاف روسی کارروائی کے آغاز سے اب تک دونوں جانب سے یہ پہلی پیش رفت ہے، روس اور یوکرین کے مذاکرات اگلے ہفتے پھر ہوں گے۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری دوسرے مذاکراتی دور کے دوران دونوں ممالک نے جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا کے لئے محفوظ راستے بنانے پر اتفاق کیا ہے۔مذاکرات میں یوکرینی نمائندے اور یوکرینی صدارتی مشیر میخائلو پودولیاک نے ٹوئٹر پر بتایا کہ "مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہو گیا ہے۔ بد قسمتی سے یوکرین اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکا۔ اس مذاکراتی دور میں صرف انسانی بنیادوں پر انخلا کے راستے قائم کرنے پر اتفاق ہو سکا ہے۔روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات روسی حملے کے آٹھویں روز پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر منعقد کئے گئے تھے۔روسی مذاکرات کاروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ شہریوں کو محفوظ راستہ دینے پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔

روس کے مذاکراتی وفد کے سربراہ اور سابق وزیر ثقافت ولادیمیر میدنسکی کا کہنا تھا کہ "دوسرے مذاکراتی دور میں جنگ زدہ علاقوں میں پھنسے شہریوں کو محفوظ راستہ دینے کو مرکزی اہمیت دی گئی۔ روسی حکومت ان علاقوں میں پھنسے لوگوں پر زور دیتی ہے کہ وہ محفوظ راستوں کو استعمال کرتے ہوئے جلد از جلد جنگ زدہ علاقوں سے کوچ کر جائیں۔یوکرین کے مطابق روس کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 350 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ ماسکو کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ وہ شہری علاقوں کو نشان بنانے سے اجتناب کر رہا ہے۔

Recommended