(برتھ ڈے اسپیشل 7 مارچ)
فلم انڈسٹری میں اپنی اداکاری سے اپنی شناخت بنانے والے تجربہ کار اداکار انوپم کھیر 7 مارچ 1955 کو شملہ میں پیدا ہوئے۔ ایک سادہ گھرانے میں پرورش پائی انوپم کو بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔
انہوں نے دہلی کے نیشنل اسکول آ ف ڈرامہ سے اپنی تعلیم مکمل کی اور اس کے بعد اداکار بننے کا خواب لے کر ممبئی آگئے۔ یہاں انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ سال 1982 میں انوپم کی محنت رنگ لائی اور انہیں مظفر علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”آگمن“ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد سال 1984 میں مہیش بھٹ کی فلم '”سارنش“ انوپم کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی۔
اس فلم میں 29 سالہ انوپم نے ایک ریٹائرڈ بزرگ کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں ان کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی۔ اس کے ساتھ انہیں اس فلم کے لیے بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ اس فلم کے بعد انوپم کا فلمی کیرئیر شروع ہوا اور انہیں ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔
انوپم نے اب تک 400 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے اپنی جدوجہد اور دمدار اداکاری کے باعث فلمی دنیا میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ انوپم نے اپنے فلمی کریئر میں ہر طرح کے کردار کو بہت اچھے طریقے سے نبھایا۔ فلمی دنیا میں انہیں '”ڈرامہ آف اسکول“ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ بالی ووڈ سے لے کر ہالی ووڈ تک انہوں نے اپنی شاندار اداکاری کا لوہا منوایا۔ انوپم کی اہم فلموں میں اتسو، آخری راستہ، کرما، رام لکھن، چالباز، ڈر، لاڈلا، ہم آپ کے ہیں کون، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ایک فیملی مین، دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر وغیرہ شامل ہیں۔ فلموں میں اداکاری کے علاوہ انوپم نے کئی ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی ہے، جن میں سوال دس کروڑ کا، دی انوپم کھیر شو – کچھ بھی ہوتا ہے، بھارت ورش وغیرہ شامل ہیں۔
ان سب کے علاوہ انوپم فلم ”میں نے گاندھی کو نہیں مارا“ اور”تیرے سنگ“ کے پروڈیوسر اور فلم ”اوم جئے جگدیش“ کے ہدایت کار بھی رہ چکے ہیں۔ انوپم کھیر کی پہلی شادی مدھومالتی سے ہوئی تھی لیکن جلد ہی ان کا طلاق ہو گیا۔ اس کے بعد انوپم نے 1985 میں اداکارہ کرن کھیر سے شادی کی۔ انوپم کھیر کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ وہ اب بھی فلمی دنیا میں سرگرم ہیں۔انوپم سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں۔ فلموں میں ان کی قابل ستائش شراکت کے لئے مرکزی حکومت نے انہیں سال 2004 میں پدم شری اور سال 2016 میں پدم بھوشن سے نوازا۔ انوپم کھیر اب بھی فلم انڈسٹری میں سرگرم ہیں اور جلد ہی فلم '”دی کشمیر فائلس اور ”اونچائی“ میں نظر آئیں گے۔