Urdu News

اسمبلی انتخابات 2022 میں پارٹی نے لگایا جیت کا چوکا، ووٹرس کا شکریہ: پی ایم مودی

اسمبلی انتخابات 2022 میں پارٹی نے لگایا جیت کا چوکا، ووٹرس کا شکریہ: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ پارٹی صدر کی قیادت اور کارکنوں کی محنت کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے جیت کا چوکا لگایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ یہ جشن کا دن ہے اور وہ اس کے لئے ملک کے ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آج پارٹی کوگنگا کے ساحل، سمندر کے ساحل، شمالی اور شمال مشرقی  چاروں سمتوں سے جیت حاصل کی ہے۔

وزیر اعظم نے اتر پردیش، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں بی جے پی کی جیت کے بعد پارٹی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماوں، بہنوں اور نوجوانوں نے بی جے پی کی مکمل حمایت کی۔ یہ حمایت اپنے آپ میں بہت بڑا پیغام ہے۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ پہلی بار ووٹ کرنے والے ووٹروں نے بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لیا۔ بہنوں، بیٹیوں اور ماوں نے بی جے پی کو اپنا آشیرواد دیا ہے۔ ہماری خواتین کی طاقت بی جے پی کی جیت کی سارتھی بن گئی ہے۔اپنی انتخابی تقاریر کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں نے بی جے پی کی جیت کا جھنڈا لہرا کر 10 مارچ کو ہولی منانے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔

جیت کا کریڈٹ کارکنوں کو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے دن رات محنت کی اور عوام کا اعتماد جیتا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کی موثر قیادت کے لئے بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا کی بھی تعریف کی۔

Recommended