پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی ’سیاسی موت‘ ثابت ہوگی۔وزیراعظم اپنے ایک روزہ دورے کے دوران یہاں گورنر ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمع کر کے اپوزیشن نے وہ قدم اٹھایا جس کی وہ خواہش کر رہے تھے۔"میں اس لمحے کا انتظار کر رہا ہوں۔ اب وہ پھنس گئے ہیں کیونکہ ان کی تحریک عدم اعتماد ان پر واپس آنے والی ہے۔انہوں نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ وہ قومی دولت لوٹنے والے چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
خان نے کہا کہ ان کا پہلا ' ٹارگٹ' پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری ہوں گے جو کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری کی توجہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی وفاداریاں خریدنے پر تھی، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رکن قومی اسمبلی نے انہیں بتایا کہ انہیں 20 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی تھی۔
عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمان پر ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں زرداری کا ساتھ دینے پر بھی تنقید کی۔