وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ ایک قریبی دوست اور پڑوسی کے طور پر سری لنکا کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ سری لنکا کے وزیر خزانہ باسل راجا پاکسے نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔
سری لنکا کے ہائی کمیشن کے مطابق، سری لنکا کے وزیر خزانہ باسل راجا پاکسے مختصر اور درمیانی مدت کے اقتصادی تعاون کے اقدامات کے لیے نئی دہلی کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ ان اقدامات پر گزشتہ سال دسمبر میں راجا پاکسے کے دورہ بھارت کے دوران اتفاق کیا گیا تھا۔
ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم آفس میں ہوئی۔ وزیر خزانہ راجا پاکسے نے اس نازک وقت میں سری لنکا کو ہندوستان کی طرف سے فراہم کی گئی تمام مدد کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا اس وقت شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے۔ ہندوستان سے قرض کی صورت میں مالی مدد حاصل کرنے کے لیے وزیر خزانہ کا چار ماہ میں یہ دوسرا دورہ ہے۔ سری لنکا ہندوستان سے 1 بلین ڈالر کی اضافی لائن آف کریڈٹ (ایل او سی) کی توقع کر رہا ہے۔