نئی دہلی، 21 مارچ (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ ہندوستان-آسٹریلیا جامع اقتصادی تعاون معاہدہ (سی ای سی اے) دونوں ممالک کے لیے اہم ثابت ہوگا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے ساتھ اپنے ورچوئل سمٹ کے افتتاحی کلمات میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ سی ای سی اے کا جلد اختتام ہمارے اقتصادی تعلقات، اقتصادی بحالی اور اقتصادی سلامتی کے لیے اہم ہوگا۔
دونوں ملکوں کے تعلقات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنے بیان میں مودی نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہمارے تعلقات میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔ کواڈ میں بھی دونوں ممالک کے درمیان اچھا تعاون جاری ہے۔ ہمارا تعاون ایک آزاد، کھلے اور جامع ہند-بحرالکاہل کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، تعلیم اور اختراع، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں ہمارا بہت قریبی تعاون ہے۔ بہت سے دوسرے شعبوں میں، جیسے کہ اہم معدنیات، پانی کا انتظام، قابل تجدید توانائی، کووڈ-19 تحقیق، دونوں ممالک تیزی سے مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے بنگلورو میں کریٹیکل اور ایمرجنگ ٹیکنالوجی پالیسی کے لیے سنٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ قدیم ہندوستانی نوادرات کی واپسی کے اقدام کے لیے وزیر اعظم موریسن کا بھی خصوصی شکریہ۔
اپنے ابتدائی کلمات میں آسٹریلوی وزیر اعظم موریسن نے کہا کہ آج ہماری ملاقات یورپ میں جنگ کے انتہائی تباہ کن پس منظر میں ہو رہی ہے۔ ایسی صورت حال ہمارے اپنے علاقے میں کبھی نہیں ہونی چاہیے۔
موریسن نے وزیر اعظم مودی کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی۔ یہ بھی بتایا کہ یوکرین پر روس کے غیر قانونی حملے اور ہمارے اپنے خطے میں اس کے سنگین نتائج پر غور کرنے کے لیے کواڈ لیڈروں کی میٹنگ ہوگی۔ فی الحال ہندوستان-آسٹریلیا دو طرفہ سربراہی اجلاس جاری ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ ہندوستان-آسٹریلیا کے وزیر اعظم کی دوسری ورچوئل سمٹ ہے۔ پچھلاسربراہی اجلاس 4 جون 2020 کو ہوا تھا۔وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم موریسن نے ستمبر 2021 میں کووڈ-19 کی وبا کے بعد پہلی بار واشنگٹن ڈی سی میں کواڈ لیڈرس سمٹ کے موقع پر ملاقات کی تھی۔