حکام نے بدھ کے روز یہاں زبروان پہاڑوں کے دامن میں ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ باغ کو کھول دیا۔ اس باغ کا افتتاح جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ شخصیات کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مہتا نے تمام لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ تقریب وادی کشمیر میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ جموں و کشمیر بھر میں مزید منزل کے فروغ پر کام کر رہی ہے، جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فلوریکلچر نے باغ میں ٹیولپس سمیت 15 لاکھ پھولوں کے پودے لگائے ہیں اور باغ میں مختلف پھولوں کی 8 نئی اقسام کے ساتھ کل 68 اقسام ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کا زبردست رش دیکھنے میں آیا۔