نئی دہلی۔ 27 مارچ راجستھان میں خود روزگار کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ، کھادی اور دیہی صنعتی کمیشن (کے وی آئی سی) نے ہفتے کے روز جودھ پور میں کمہاروں کو 200 بجلی سے چلنے والے چاک، بڑھئیوں کو 240 ویسٹ ووڈ ٹول کٹ اور 450 مقامی کاریگروں کو 10 ڈونا پیپر پلیٹ بنانے والی مشینیں تقسیم کیں۔ کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب ونے کمار سکسینہ نے جیسلمیر، بارمیر اور ناگور اضلاع کے ان کھادی کاریگروں کو مشینیں تقسیم کیں، جنہیں کے وی آئی سی نے تربیت دی ہے۔ مشینوں کی تقسیم سے تقریباً 1100 افراد کو براہ راست روزگار ملے گا۔ ان مستفیدین میں 170 بی پی ایل خاندان بھی شامل ہیں۔
جیسلمیر کے 200 کمہار خاندانوں میں برتن بنانے والے برقی پہیے تقسیم کیے گئے ۔ جیسلمیرکو مٹی کے شاندار برتنوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ ان کمہاروں کو کے وی آئی سی کی فلیگ شپ اسکیم "کمہار سشکتیکرن یوجنا" کے تحت بااختیار بنایا گیا ہے جس کا مقصد مٹی کے برتنوں کے خطرے سے دوچار فن کو زندہ کرنا اور پسماندہ کمہار برادری کو بااختیار بنانا ہے۔ اسی طرح کاریگروں کو کے وی آئی سی کے ذریعہ کاغذی ڈونا پلیٹ اور لکڑی کی دستکاری بنانے کی تربیت دی گئی ہے تاکہ انہیں خود روزگار فراہم کرکے خود انحصار بنایا جاسکے۔
کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب سکسینہ نے کہا کہ یہ اقدامات کے وی آئی سی کی "گرام ادھیوگ وکاس یوجنا" کے تحت شروع کیے گئے ہیں جس کا مقصد دیہی عوام کو خود روزگار کے ذریعہ بااختیار بنانا اور ملک کی دیہی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔ جناب سکسینہ نے یہ بھی کہا کہ کے وی آئی سی کے یہ اقدامات عزت مآب وزیر اعظم کے "خود انحصار ہندوستان" کے خواب کو پورا کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ ان اسکیموں کے ذریعہ کے وی آئی سی نے نہ صرف راجستھان میں بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی لاکھوں روزگار پیدا کیے ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ کے وی آئی سی پہلی بار راجستھان کے کمہاروں کو آن لائن مارکیٹنگ پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ ملک بھر میں اپنی مٹی کی مصنوعات فروخت کر سکیں۔
واضح رہے کہ راجستھان کے وی آئی سی کا ایک فوکس ایریا ہے جس میں کھادی کی سرگرمیوں کے ذریعہ روزگار پیدا کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ اس کے علاوہ، راجستھان میں مٹی کے برتنوں سمیت متعدد روایتی فنون کو کے وی آئی سی کے ذریعہ زندہ کیا جا رہا ہے۔ اب تک کے وی آئی سی نے ریاست میں 5000 سے زیادہ برتن بنانے والے برقی وہیل تقسیم کیے ہیں جس سے تقریباً 14000 روزگار پیدا ہوئے ہیں۔ ویسٹ ووڈ ٹول کٹ کی تقسیم سے 240 بڑھئی خاندانوں کو جبکہ 10 پیپر پلیٹ بنانے والی مشینوں سے 50 افراد کو روزگار ملیں گے۔