یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے اتوار کو ایک سرکلر کے ذریعے تمام مرکزی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر اور پرنسپلوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے انڈرگریجویٹ سطح کے کورسز میں داخلے کے لیے کامن یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ (سی یو ای ٹی) کو بنیاد بنائیں۔
یو جی سی کے صدر پروفیسر ایم جگدیش کمار نے آج کہا کہ ہم نے تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں کے وائس چانسلرز، ڈائرکٹرس اور پرنسپل کو لکھا ہے کہ وہ اپنے یو جی پروگراموں میں داخلے کے لیے سی یو ای ٹی اسکور استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی یو ای ٹی کے امتحان سے طلباء کو مختلف یونیورسٹیوں کے داخلہ امتحانات میں شرکت کی پریشانی سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔
ریاستی یونیورسٹیوں کو لکھے گئے سرکلر میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے سربراہان کی توجہ 21 مارچ کو جاری کردہ پبلک نوٹس کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔ اس میں، کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ (CUET) کے ذریعہ تعلیمی سیشن 2022-23 سے UGCکی مالی اعانت سے چلنے والی ہندوستانی یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے کہا گیا ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے ذریعہ CUETکو ہندی اور انگریزی سمیت 13 زبانوں میں منعقد کرنے کا انتظام ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بہت سی ریاستی یونیورسٹیاں، ڈیمڈ یونیورسٹیاں، پرائیویٹ یونیورسٹیاں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی ادارے (EL) بھی انڈر گریجویٹ پروگراموں میں داخلے یا داخلہ امتحانات کے انعقاد کے لیے 12ویں بورڈ کے نمبر استعمال کرتے ہیں۔