Urdu News

نائب صدر جمہوریہ نے میڈیا تنظیموں سے صحت کے مختلف مسائل پر بیداری مہم چلانے کی اپیل کی

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ میڈیا تنظیمیں صحت سے متعلق مختلف مسائل کی اہمیت پر بیداری پھیلانے میں زیادہ فعال کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انھوں نے میڈیا تنظیموں پر زور دیا کہ وہ عوام کو آگاہ کرنے کے لیے صحت کے مختلف مسائل پر آگاہی مہم چلائیں۔

نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو، ’سنجیونی: دی جرنی‘ کی نقاب کشائی کر رہے تھے، جو نیٹ ورک 18 اور فیڈرل بینک کی مہم – سنجیونی: اے شاٹ آف لائف کو سمیٹنے والی ایک دستاویزی فلم ہے، جس کا مقصد بیداری پھیلانا اور ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ کو دور کرنا ہے۔

ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، جناب نائیڈو نے کہا، کہ ”ویکسینیشن بہت سی جان لیوا بیماریوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس لیے، خاص طور پر دیہی علاقوں میں ویکسین کے فوائد کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔“

جناب نائیڈو نے آج تک ہندوستان میں کووڈ-19 ویکسین کی 183 کروڑ سے زیادہ خوراکوں کے انتظام میں ان کی اجتماعی کوششوں کے لیے حکومت، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں اور شہریوں کی ستائش کی۔ انھوں نے ان لوگوں سے اپیل کی جنھوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لی ہے وہ ویکسین سے ہچکچاہٹ دور کریں اور ویکسین لیں۔

کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ سی ایس آر کمپنیوں کو معاشرے کو واپس دینے کا ایک شاندار موقع فراہم کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سی ایس آر محض خیرات یا انسان دوستی نہیں ہے بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر جناب سنتوش مینن، چیف کنٹینٹ آفیسر، جناب پونیت سنگھوی، سی ای او، نیٹ ورک 18 ڈیجیٹل، محترمہ شیرین بھان، مینیجنگ ایڈیٹر، سی این بی سی ٹی وی 18، جناب آنند نرسمہن، مینیجنگ ایڈیٹر، اسپیشل پروجیکٹس نیٹ ورک 18، نیٹ ورک 18 اور فیڈرل بینک کے سینئر ایگزیکٹوز اور دیگر موجود تھے۔

Recommended