Urdu News

دی کشمیر فائلز فلم پر تنقید کرنے والوں کو دہشت گردی کی بھی مذمت کرنی چاہیے تھی: اندریش کمار

مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست شری اندریش کمار

آرایس ایس کے رہنما اندریش کمار نے  کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے اخراج پر مبنی فلم ’دی کشمیر فائلز‘ پر تنقید کرنے والی سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیے تھی۔ جس نے وادی کشمیر میں ہلاکت اور تباہی مچا دی تھی۔ انہوں نے لوگوں سے پرانی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔ "

نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، کانگریس اور (دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند) کیجریوال کو واضح طور پر دہشت گردی کی مذمت کرنی چاہیے تھی جو وادی میں ہلاکتوں اور تباہی اور کشمیری پنڈتوں کی بے گھری کے لیے ذمہ دار ہے۔ ’کشمیر فائلز‘ فلم کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ فلم کسی حکومت نے نہیں بلکہ کچھ ’غیر سیاسی لوگوں‘ نے بنائی ہے اور یہ حقیقت پر مبنی ہے۔

پاکستان کے کہنے پر چند کشمیری مسلمانوں نے دہشت گردی کا راج کیا اور کشمیریت اور اسلام کو بدنام کیا۔ کشمیریوں کو آگے آنا چاہیے اور ملوث افراد کی مذمت کرنی چاہیے۔ آر ایس ایس لیڈر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی کے بھی بے گھر ہونے کے خلاف ہیں، چاہے وہ ہندوستان، پاکستان یا بنگلہ دیش میں ہو۔

”کسی پر ظلم نہیں ہونا چاہیے اور ہر کسی کو ہر جگہ امن سے رہنا چاہیے۔“  کمار نے کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر سہارا سمیتی کا قیام بے گھر لوگوں کی بہبود کے لیے کیا ہے، چاہے ان کا کوئی بھی مذہب ہو۔ آر ایس ایس سے منسلک تنظیم مسلم راشٹریہ منچ کی طرف سے منعقدہ کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں گجر، بکروال، پہاڑی بولنے والے، ڈوگرا اور کشمیریوں سمیت مختلف برادریوں کے ارکان نے شرکت کی۔

Recommended