Urdu News

کشمیر فائلز کے ہدایت کار اوراداکاروں کا انڈیا انٹر نیشنل سنٹر میں شاندار اور والہانہ استقبال

دہلی کے مشہور آئی آئی سی (انڈیا انٹر نیشنل سینٹر) میں فلم ”کشمیر فائلز“ کے ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری اور اداکار پدم شری انوپم کھیر و اداکارہ پلوی جوشی کا ناگرک ابھی نندن کیا گیا۔ انھیں مبارکباد پیش کی گئی، ان کا استقبال کیا گیا۔

 کشمیر فائلز کے ہدایت کار اوراداکاروں کا انڈیا انٹر نیشنل سنٹر میں شاندار اور والہانہ استقبال 

گلوبل کشمیری پنڈت ڈائسپورا نے اس شام کا اہتمام کیا تھا۔ مسلم راشٹریہ منچ کے میڈیا انچارج شاہد سعید نے خصوصی طور پر اردو میڈیا کو مدعو کیا تھا کہ سچائی اردو میڈیا کے ذریعے ملک کے عوام تک پہنچے۔ پدم شری انوپم کھیر نے اس فلم میں زبردست اداکاری کی ہے۔ 
کشمیر فائلز کے خوب چرچے ہیں۔ یہ فلم گزشتہ دنوں ریلیز ہوئی۔ وویک اگنی ہوتری نے ایک بحث کا آغاز کر دیا ہے اس فلم کے ذریعے۔ فلم میں اہم کردار نبھانے والے انوپم کھیر کا تعلق خود کشمیر سے ہے۔ پانچ اپریل کی شام دہلی کے انڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں مرکزی وزراء اور تمام شعبہئ ہائے زندگی کی اہم شخصیات نے مل بیٹھ کر غور و فکر کیا۔ 
اس موقعہ پر انوپم کھیر نے ایک جذباتی تقریر کی۔ انھوں نے ان تمام واقعات کو یاد کیا۔ انھوں نے کشمیری پنڈتوں کے دکھ درد کو بیان کرنے والی اس فلم کے حوالے سے دل کھول کر بات کی۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری پنڈت پیسہ نہیں چاہتے۔ ان کے پاس علم کی دولت ہے اور علم کی دولت سب سے بڑی دولت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم کشمیری پنڈتوں کو انصاف چاہئے۔ ہمیں ہمارا گھر چاہئے۔ ہمیں وہ چاہئے جو ہمارا ہے۔ ہمیں رحم نہیں چاہئے۔ ہمیں پیسہ نہیں چاہئے۔ ہمیں ہمارا حق چاہئے۔ 
مرکزی وزیر شری نتن گڈکری کی موجودگی میں مقررین نے کہا کہ اس فلم ”کشمیر فائلز“ نے جس طرح سچ دکھایا ہے اس سے پہلے کبھی اس سچ کو اتنی بے باکی سے نہیں دکھایا گیا تھا۔ فلم کے ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری کے ساتھ فلم کی اداکارہ پلوی جوشی بھی موجود تھیں۔ شروع سے ہی عزت ماب اندریش کمار جی اس فلم کے حوالے سے سچائی سامنے لانے کے لئے ڈائرکٹر وویک اگنی ہوتری کی تعریف کرتے رہے ہیں۔ جس طرح ایک سازش کے ساتھ کشمیری پنڈتوں پر ظلم ہوا اور انھیں اپنا کشمیر چھوڑ کر بے سرو سامانی کے عالم میں بھاگنا پڑا وہ قصہ درد ناک ہے۔ کشمیری پنڈت لاکھوں کی تعداد میں اپنے ہی ملک میں شرنارتھی بن کر رہ گئے۔ پڑوسی ملک کی چالبازیوں میں کشمیر کے شدت پسندوں نے مل کر کشمیری پنڈتوں پر ظلم ڈھایا۔ کشمیر جو کبھی دھرتی پر جنت تھا اسے شدت پسندوں اور دہشت گردوں نے جہنم بنا دیا۔ اس فلم کے حوالے سے وویک اگنی ہوتری نے ملک میں ایک نئی بحث کا آغاز کیا ہے۔ امید کی جانی چاہئے کہ کشمیری پنڈتوں کو انصاف ملے گا۔ 
دہلی کے مشہور آئی آئی سی (انڈیا انٹر نیشنل سینٹر) میں فلم ”کشمیر فائلز“ کے ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری اور اداکار پدم شری انوپم کھیر و اداکارہ پلوی جوشی کا ناگرک ابھی نندن کیا گیا۔ انھیں مبارکباد پیش کی گئی، ان کا استقبال کیا گیا۔ 

Recommended