راج ناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی میں ایئر ہیڈ کوارٹر میں ایئر فورس کمانڈرز کانفرنس (اے ایف سی سی) کا افتتاح کیا۔ کانفرنس میں عزت مآب رکشا راجیہ منتری، شری اجے بھٹ اور دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فضائیہ کے سینئر کمانڈروں نے بھی شرکت کی۔ سینئر کمانڈروں سے بات کرتے ہوئے، رکشا منتری نے کہا کہ ا ے ایف سی سی میں زیر بحث موضوعات موجودہ تناظر میں متعلقہ اور عصری ہیں، اور ان مسائل/چیلنجز کے پورے کینوس کا احاطہ کرتے ہیں جن کا قوم کو سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اعلیٰ حکام کی طرف سے دی گئی ہدایات پر کانفرنس میں جامع طور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے اور یہ مستقبل کے تمام لائحہ عمل کے لیے رہنمائی کا باعث ہوں گے۔ انہوں نے شمالی اور مغربی سرحدوں پر درپیش چیلنجوں کا احاطہ کیا اور اس بات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا کہ ہندوستانی مسلح افواج ابھرتے ہوئے حالات کا جواب دینے میں کامیاب رہی ہیں۔
رکشا منتری نے آپریشن گنگا میں ہندوستانی فضائیہ کی انخلا کی کوششوں کی تعریف کی جسے ملک نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی صورت حال نے ایک بار پھر انڈیجنائزیشن کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے بعد ازاں کمانڈروں سے خطاب کیا اور ان سے کہا کہ وہ تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں اور مختصر نوٹس پر متعدد ڈومینز میں جواب دینے کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔ انہوں نے اثاثوں کے تحفظ، وسائل کے بہترین استعمال اور قومی سلامتی کو بڑھانے کے لیے جوائنٹ مین شپ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بڑھتی ہوئی دیسی ڈرون صنعت کو فروغ دینے کے لیے، عزت مآب رکشا منتری نے "مہر بابا مقابلہ – II" شروع کیا۔ مقابلے کا مقصدایئر کرافٹ آپریٹنگ سرفیسز پر غیر ملکی اشیاء کا پتہ لگانے کے لیے سوارم ڈرون پر مبنی نظام" کے لیے ٹیکنالوجی تیار کرنا ہے۔تین روزہ کانفرنس کے دوران، فضائیہ کے کمانڈر ہائی ٹیک اور ابھرتے ہوئے آپریشنل منظر نامے میں مستقبل کے چیلنجوں سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کانفرنس کا تھیم ' ہیومن ریسورسز کو بہتر بنانا' ہے اور توجہ سمارٹ اور موثر انداز میں آپریشنز کے انعقاد پر ہوگی۔ کانفرنس کے دوران ڈرون سے لاحق خطرات کو کم کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔