Urdu News

ڈاکٹر الف ناظم کا ایک اور علمی کارنامہ

ڈاکٹر نواز دیوبندی کی خدمات پر ڈاکٹر الف ناظم کی کتاب کا سر ورق جسے دہلی کے ممتاز عرشیہ پبلیکیشنز (ڈاکٹر اظہار ندیم) نے شائع کیا ہے۔

 عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی صاحب کی شعری،علمی،ادبی اور تعلیمی خدمات پر پر ایک تاریخی دستاویزی مجلہ ”ذرہ نوازی “ موصول ہوا جس کے مولف عالی جناب ڈاکٹر الف ناظم صاحب (رامپور)ہیں۔

       اس بیش قیمتی مجلہ میں پروفیسر سحر انصاری(کراچی)،ڈاکٹرپیر زادہ قاسم (کراچی)،بہجت کمال نجمی(جدہ)،افروز عالم(دبٸی)،ظہورالاسلام(ابوظہبی)،علی سردار جعفری،گوپال داس نیرج،پروفیسر وسیم بریلوی وغیرہ انڈوپاک ہی نہیں دنیا بھرکے مقبول ترین ناقدین ،محقق،تبصرہ نگار ادبإ کے بہت سے مضامین شامل کٸے گٸے ہیں نیز ان کےعلاوہ مخصوص انٹرویوز اور ڈاکٹر نواز دیو بندی کامنتخب کلام شامل کرکے مجلہ کی ضخامت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے ۔ 
درحقیقت ڈاکٹر نواز دیوبندی صاحب اردو شعرو ادب کے اہم ستون کی حثیت رکھتے ہیں۔ان کا دل درد آشنا اور لہجہ بہار آشنا ہے۔آپ نے غزل کو نٸے رنگ و آہنگ عطا کٸے ،کلام میں بے ساختگی ، روانی، سادگی ،بے ساختگی،کے علاوہ قدیم و جدید رنگ کی آمیزش کی بدولت وہ ادب میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔
میری خوش نصیبی یہ کہ خاکسار کو ڈاکٹر نواز دیوبندی صاحب سے نہ صرف ملاقات بلکہ ان کی مہمان نوازی کا بھی شرف حاصل ہوا۔اس ملاقات نے باور کرایا کہ وہ بلند پایہ شاعر ہی نہیں بلکہ محسن انسانیت ،رہبر قوم و ملت اور وطن پرستی کے جذبے سے سرشار ہیں۔تعلیمی مراکز کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی رات دن جہد میں لگے ہیں
ڈاکٹر الف ناظم صاحب نے اس مجلے کے ذریعے نواز صاحب کی شخصيت کو مکمل طور پر متعارف کرانے کی جو کاوش کی وہ لاٸق تحسین ہے۔اللہ تعالی ان کو مزید ہمت و حوصلہ عطا فرماے۔آمین   امیر نہٹوری 
شاعر و ادیب
          سکریٹری 
انجمن ترقٸ اُردو شاخ ضلع بجنور

Recommended