عالمی اسٹار پرینکا چوپڑا نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے درمیان سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے یوکرین کی حمایت کی ہے۔ اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے پرینکا نے لکھا،’’دنیا کے رہنماؤں، ہمیں دنیا بھر کے بے گھر افراد کے لیے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ان تک مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ہم دور کھڑے ہو کر یہ سب نہیں دیکھ سکتے، یہ بہت لمبا کھنچ رہاہے“۔
اس ویڈیو میں پرینکا نے کہا کہ یہ دنیا کے رہنماؤں سے براہ راست اپیل ہے اور انسانیت کی خاطر انہیں جواب دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مشرقی یورپ خصوصاً بچے دوسری جنگ عظیم کے بعد بدترین صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان بچوں کی فوری مدد کی ضرورت ہے اور اس بات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین سے بے گھر ہونے والے لوگوں کی مددکئے جانے کی ضرورت ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ 24 فروری کو روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر حملے کا اعلان کیا تھا۔ تب سے جنگ کی خوفناک تصویریں مسلسل دنیا کے سامنے آرہی ہیں۔ ساتھ ہی یہ جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔