Urdu News

یو جی سی نے کی قوانین میں تبدیلی: طلبا اب ایک ہی وقت میں کر سکیں گے دو ڈگری کورس

یو جی سی نے کی قوانین میں تبدیلی

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے ڈگری پروگراموں سے متعلق اپنے قوانین میں ترمیم کی ہے۔ طلبا  اب بیک وقت دو ڈگری حاصل کر سکیں گے۔ یو جی سی بدھ کو اس پر رہنما خطوط جاری کرے گا۔

یو جی سی کے چیئرمین ایم جگدیش کمار نے منگل کو میڈیا کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں کہا کہ طلبا  اب فزیکل طور پر دو ہمہ وقتی (ریگیولر) تعلیمی پروگرام کر سکیں گے۔ وہ یہ کورس ایک ہی یونیورسٹی یا دو مختلف یونیورسٹیوں سے کر سکیں گے۔ اس کے لیے صرف اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ دونوں کورسوں کی کلاسوں کے اوقات آپس میں نہ ٹکرائیں۔

کمار نے بتایا کہ کمیشن نے اس سلسلے میں رہنما خطوط کا ایک سیٹ تیار کیا ہے، جو 13 اپریل کو یو جی سی کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔ یہ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل، یو جی سی کے قوانین کے تحت، طلبا  کو ایک ساتھ دو کل وقتی پروگراموں کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں تھی۔ وہ صرف آن لائن، قلیل مدتی یا ڈپلومہ کورس کے ساتھ  ریگیولر ڈگری حاصل کر سکتے تھے۔ چیئرمین نے کہا کہ اس سے طلبا  کو نئے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہدایات ملک بھر میں دستیاب تمام پروگراموں پر لاگو ہوں گی۔ طلبا  یا تو ڈپلومہ پروگرام اور بیچلر  ڈگری، دو ماسٹر پروگرام، یا دو بیچلر پروگراموں کا مجموعہ منتخب کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی طالب علم پوسٹ گریجویٹ  ڈگری حاصل کرنے کا اہل ہے اور کسی مختلف کورس میں بیچلر ڈگری میں داخلہ لینا چاہتا ہے، تو وہ بیک وقت گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری حاصل کر سکے گا۔ دونوں پروگراموں کے لیے کلاس کے اوقات میں ٹکراو نہیں ہونا چاہیے۔

Recommended