Urdu News

راجدھانی دہلی میں سی این جی 2.5 روپے فی کلو ہوا مہنگا، سی این جی کی قیمت میں 3.5 روپئے فی کلو تک اضافہ

راجدھانی دہلی میں سی این جی 2.5 روپے فی کلو ہوا مہنگا

نئی دہلی، 14 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

روس یوکرین بحران کے درمیان سی این جی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اندر پرستھ گیس لمٹیڈ (آئی جی ایل) نے سی این جی کی قیمت میں 2.5 روپے فی کلو اضافہ کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد دارالحکومت دہلی میں سی این جی کی قیمت 71.61 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ سی این جی کی نئی شرحین جمعرات سے نافذ ہوگئی ہیں۔

اندر پرستھ گیس لمٹیڈ کی ویب سائٹ کے مطابق نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیمت میں 3.50 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیمت 74.17 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جب کہ گروگرام میں ایک کلو سی این جی کی قیمت 79.94 ہوگئی ہے۔

آئی جی ایل کے مطابق مظفر نگر، میرٹھ اور شاملی میں سی این جی کی قیمت بڑھ کر 78.84 روپے فی کلو، ریواڑی میں 82.07 روپے فی کلو، کرنال اور کیتھل میں 80.27 روپے فی کلو، کانپور، ہمیر پور اور فتح پور میں 83.40 روپے فی کلو اور اجمیر، پالی، اور راجسمند میں 81.88 فی کلو ہوگئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اندر پرستھ گیس لمٹیڈ نے رواں ماہ تیسری بار سی این جی کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ اس طرح تین قسطوں میں اس کی قیمت میں 10.80 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل یکم اور 7 اپریل کو سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

Recommended