سابق روسی ٹینس اسٹار ماریہ شاراپووانے اپنی 35ویں سالگرہ کے موقع پر یہ خوشخبری دی ہے کہ ان کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ماریہ شاراپووا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے۔اْنہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہ آغاز بہت قیمتی ہے‘۔
اْنہوں نے مزید لکھا کہ’دو لوگوں کے لیے سالگرہ کا کیک کھانا ہمیشہ سے میری خاصیت رہی ہے‘۔ سابق ٹینس اسٹار کی پوسٹ پر مداحوں جانب سے انہیں دوہری خوشی کے موقع پر مبارکبادیں موصول ہونے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ ماریہ شاراپووا نے دسمبر 2020 میں برطانیہ کے ایک کروڑ پتی شخص الیگزینڈر گلکس سے منگنی کی تھی۔
گلکس کو نیویارک میں سب سے زیادہ اچھے تعلقات رکھنے والے برطانوی کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔ الیگزینڈر گلکس کی سابقہ اہلیہ ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل کی بہت اچھی دوست بھی ہیں۔کچھ رپورٹس کے مطابق، گلکس کے بارے میں یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی شہزادہ ولیم سے اس وقت دوستی ہوئی تھی جب وہ دونوں ایٹن میں تھے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ شہزادہ ہیری کے بھی قریب تھے جوکہ اسی اسکول میں پڑھتے تھے۔الیگزینڈر گلکس، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں مہمان بھی تھے۔