اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج ممبئی کے پیڈر روڈ پر فلمزڈویژن کمپلیکس میں واقع نیشنل میوزیم آف انڈین سنیما ( این ایم آئی سی ) کا دورہ کیا ۔
میوزیم دو عمارتوں پر پھیلا ہوا ہے۔ 19 ویں صدی کا ثقافتی ڈھانچہ گلشن محل اور تعمیر کی گئی نئی میوزیم کی عمارت – دونوں عمارتوں نے وزیر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ میوزیم کو دیکھنے کے بعد ، وزیر موصوف جناب ٹھاکر نے کہا ، ’’ فلموں میں خاص طور پر بھارتی فلموں میں دلچسپی رکھنے والوں کو ہندوستانی سنیما کے نیشنل میوزیم کو دیکھنے ضرور آنا چاہئے،؛ اگر آپ ممبئی میں ہیں اور این ایم آئی سی نہیں جاتے ہیں، تو آپ کا ممبئی کا دورہ نامکمل رہے گا۔‘‘
جناب ٹھاکر نے ہندوستانی سنیما کی تاریخ اور اس کی ترقی کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے فلموں میں بہت زیادہ دلچسپی رکھنے والوں اور ملک بھر کے فلم شائقین کو این ایم آئی سی کا دورہ کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا ، ’’ یہاں این ایم آئی سی میں کچھ وقت گزاریں، میوزیم آپ کو 100سال پیچھے لے جائے گا، جب سنیما بغیر کسی جدید ٹکنالوجی یا آلات سے بنایا جاتا تھا۔ ‘‘ آج ہم انیمیشن ، ویژول افیکٹس، گرافکس اور گیمننگ ٹکنالوجی کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن یہاں ہمیں دیکھنے کو ملے گا کہ ان دنوں ان کی غیرموجودگی میں فلمیں کیسے بنتی تھیں اور اب تک انہوں نے کیا ترقی کی ہے۔ ‘‘ اطلاعات و نشریات کے وزیر نے اس وقت کے فلمسازوں اور تکنیکی ماہرین کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے وہ کس طرح دشوارگزار علاقوں میں بڑے بڑے کیمرے لے کر جایاکرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی نے انسانی زندگی اور فلم سازی کو آسان بنا دیا ہے۔
گلشن محل ہیریٹیج بلڈنگ میں مختلف سائز کے آٹھ مختلف ہالوں میں لگائی گئی نمائشوں میں بھارتی سنیما کے خاموش فلموں کے دور سے نئی لہر تک کی تاریخ کو دکھایا گیا ہے، نئی میوزیم بلڈنگ میں زیادہ تر انٹرایکٹیو نمائشیں لگائی گئی ہیں۔
فلم کے اثاثوں ، پرانے آلات، پوسٹرز، اہم فلموں کی کاپیاں، پرموشنل کتابچے، ساؤنڈٹریک، ٹریلر، ٹرانسپرینسی، پرانی سنیما میگزین، فلم سازی اور ڈسٹریبیوشن وغیرہ سے جڑے اعداد وشمار منظم طریقے سے بھارتی سنیما کی تاریخ کے دور کو ظاہر کرتے ہیں۔ فلم ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل رویندر بھاکر نے میوزیم کاعمومی جائزہ پیش کیا۔
سنیما بھارت کی سب سے بڑی سافٹ پاور ہے
سنیما کے رول کے بارے میں بات کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر نے کہا، ’’ بھارتی سنیما ہمارے ملک کی سافٹ پاور ہے، جو کہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تفریح کے ذریعہ بھارتی سنیما دنیا بھر میں بھارت کی ایک پہچان بنانے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا ، دنیا میں سب سے زیادہ تعداد میں فلمیں بھارت میں بنتی ہیں۔
روایت کے مطابق وزیر موصوف نے این ایم آئی سی کے کامپلیکس میں ایک پودا بھی لگایا اور فلم ڈویژن ، این ایم آئی سی ، سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن اور این ایف ڈی سی کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ جدید آڈیٹوریم سےآراستہ این ایم آئی سی کامپلیکس، مئی میں دستاویزی فلم، شارٹ اور اینیمیشن فلموں کے 17 ویں بین الاقوامی ممبئی فلم فیسٹیول ( ایم آئی ایف ایف) کی میزبانی کرے گا۔
اس سے پہلے وزیرموصوف نے ٹائمس گروپ کے انڈیا اکونومک کانکلیو کا افتتاح کیا اور وہاں کلیدی خطبہ دیا۔