نئی دہلی، 26 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
لندن میں مقیم سابق وزیراعظم نواز شریف کی پاکستان واپسی کا راستہ تیار ہوگیا ہے۔ پاکستان کی شہباز شریف حکومت نے سابق وزیراعظم اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالتے ہوئے انہیں گرین پاسپورٹ جاری کر دیا ہے۔
پاکستان کے معروف اخبار 'ڈان' کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایمرجنسی کیٹیگری میں 10 سال کی میعاد والا پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
نواز شریف کے پاسپورٹ کی میعاد گذشتہ سال ختم ہو گئی تھی لیکن پاکستان میں اس وقت کی عمران خان کی حکومت اس کی تجدید نہیں کر رہی تھی۔پاکستان کے تین بار وزیر اعظم ر ہ چکے 72 سالہ نواز شریف پر ملک کی سابقہ عمران حکومت نے کرپشن کا الزام لگایا تھا اور ان کے خلاف کئی مقدمات میں تحقیقات شروع کی تھیں۔ جس کے بعد 2019 میں نواز شریف بیمار حالت میں لاہور ہائی کورٹ کی منظوری کے بعد علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے۔ اس وقت سے وہ وہیں رہ رہے ہیں۔
تازہ ترین پیش رفت کے بعد نواز شریف کی پاکستان واپسی کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ عمران خان کو بے دخل کر کے ملک کا اقتدار سنبھالنے والے شہباز شریف نے کرسی سنبھالتے ہی اس کا اعلان کر دیا تھا۔