Urdu News

نونیت رانا اور روی رانا کو سیشن کورٹ سے راحت نہیں،29اپریل تک جواب داخل کرنے کا حکم

نونیت رانا اور روی رانا

ممبئی، 26 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

امراوتی پارلیمانی حلقہ کی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر اور ایم ایل اے روی رانا کو سیشن کورٹ سے غداری کیس میں ضمانت نہیں مل سکی۔ سیشن عدالت نے تھانہ کھار کو اس معاملے میں 29 اپریل تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے بعد سیشن عدالت ضمانت سے متعلق سماعت کی تاریخ طے کرے گی۔

نونیت رانا کے وکیل رضوان مرچنٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ رانا جوڑے کی جانب سے منگل کو سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ نونیت رانا اور روی رانا کی ضمانت کی فوری سماعت کی جائے، لیکن سرکاری وکیل پردیپ دھرت نے اس کی سختی سے مخالفت کی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کی درخواست ضمانت باندرہ مجسٹریٹ کورٹ میں زیر التوا ہے تو اس معاملے کی فوری سماعت سیشن کورٹ میں کیسے ہو سکتی ہے۔ اس وجہ سے سیشن کورٹ نے معاملے کی فوری سماعت سے انکار کر دیا۔ رضوان مرچنٹ نے بتایا کہ عدالت نے کھار پولیس کو اس معاملے میں 29 اپریل تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد سیشن عدالت سماعت کی تاریخ طے کرے گی۔

واضح ر ہے کہ وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کے ممبئی واقع ذاتی رہائش گاہ ماتو شری بنگلے پر جاکر ہنومان چالیسہ پڑھنے، پولس اور ریاستی حکومت کو چیلنج دینے کے معاملے میں کھار پولس نے23اپریل کو نونیت رانا اور روی رانا کو گرفتار کیا تھا۔ باندرہ کی مجسٹریٹ عدالت نے دونوں کوعدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ اس کے بعد نونیت رانا کے وکیل نے پیر کو ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ پولیس کی طرف سے درج مقدمہ کو منسوخ کیا جائے اور دونوں کو فوری طور پر ضمانت دی جائے۔ ہائی کورٹ نے نونیت رانا اور روی رانا کی سرزنش کرتے ہوئے اس درخواست کو خارج کر دیا تھا۔ اس کے بعد نونیت رانا کے وکیل نے منگل کو سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی لیکن یہاں بھی رانا جوڑے کو راحت نہیں ملی۔ فی الحال نونیت رانا کو بائیکلہ خواتین جیل میں رکھا گیا ہے اور روی رانا کو تلوجا جیل، نوی ممبئی میں رکھا گیا ہے۔

Recommended