امبانی 102ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے 9ویں امیر ترین شخص
نئی دہلی، 27 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
بھارت سمیت ایشیا کے امیر ترین شخص گوتم اڈانی نے ذاتی کمائی کے معاملے میں ایک اور چھلانگ لگا دی ہے۔ گوتم اڈانی 125 ارب ڈالر کی ذاتی دولت کے ساتھ دنیا کے پانچویں امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔دنیا کے امیر ترین100 شخصیات کی فہرست میں ہندوستان کے دوسرے سب سے امیر شخص ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی102 ارب ڈالر کی ذاتی دولت کے ساتھ نویں نمبر پر رہے۔
بلومبرگ بلینیریز انڈیکس کے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گوتم اڈانی کی دولت میں صرف منگل کے روز کے کاروبار میں 6.31 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے ان کی ذاتی جائیداد 118.69 ارب ڈالر سے بڑھ کر 125 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ ذاتی دولت میں اس اضافے کے ساتھ گوتم اڈانی وارین بفیٹ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے 100امیر ترین شخصیات کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ وارین بفیٹ 120 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔
بلومبرگ کی ٹاپ 100 امیروں کی فہرست میں، ایلن مسک اب بھی 252 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ پہلے اور جیف بیجوس 164 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اسی طرح برنارڈ ارنالٹ 134 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ تیسرے اور بل گیٹس 125.02 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان اعداد و شمار کے مطابق اب گوتم اڈانی اور بل گیٹس کے اثاثوں میں بہت کم فرق ہے۔ ایسے میں اگر اسٹاک مارکیٹ کی چال کا ساتھ ملا تو اگلے ایک دو کاروباری دنوں میں گوتم اڈانی ذاتی دولت کے معاملے میں بل گیٹس کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
گوتم اڈانی اور مکیش امبانی کے علاوہ، پانچ دیگر ہندوستانیوں کو بھی بلومبرگ کی دنیا کے ٹاپ 100 امیروں کی فہرست میں جگہ ملی ہے۔ عظیم پریم جی 31.6 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ 37 ویں نمبر پر، شیو ناڈر 27.1 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ 45 ویں نمبر پر، رادھاکشن دمانی 20.9 ارب ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ 66 ویں، لکشمی متل 18.4 ارب ڈالر کے ساتھ 85 ویں نمبر پر ہیں۔ 16.6 ارب امریکی ڈالر کی ذاتی مالیت کے ساتھ سائرس پوناوالا98 ویں نمبر پر ہیں۔