کوپن ہیگن،4؍مئی
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے سویڈین کی وزیراعظم محترمہ میگڈالینا اینڈرسن کے ساتھ ملاقات کی۔ کوپن ہیگن میں دوسری ہندوستان-نارڈک چوٹی کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔ ہندوستان اور سویڈن کے درمیان مشترکہ اقدار کی بنیاد پر دیرینہ قریبی تعلقات رہے ہیں۔ جدت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور آر اینڈ ڈی تعاون اس جدید تعلقات کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
پہلی نارڈک چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم مودی کے 2018 کے سویڈن کے دورے کے دوران، دونوں فریقوں نے وسیع پیمانے پر مشترکہ ایکشن پلان کو اپنایا تھا اور ایک مشترکہ اختراعی شراکت داری پر دستخط کیے تھے۔ آج کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہماری دو طرفہ شراکت داری میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لیڈ آئی ٹی اقدام سے ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
ستمبر 2019 میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی ایکشن سمٹ میں صنعت کی منتقلی پر ایک لیڈرشپ گروپ (لیڈ آئی ٹی) قائم کرنے کے لیے یہ ہندوستان-سویڈن کی مشترکہ عالمی پہل تھی تاکہ دنیا کی سب سے بھاری گرین ہاؤس گیس خارج کرنے والی صنعتوں کو کم کاربن کی معیشت کی طرف رہنمائی کرنے میں مدد ملے۔
اس کی رکنیت اب 16 ممالک اور 19 کمپنیوں کے ساتھ بڑھ کر 35 ہو گئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جدت، موسمیاتی ٹیکنالوجی، موسمیاتی کارروائی، گرین ہائیڈروجن، خلائی، دفاع، شہری ہوا بازی، آرکٹک، قطبی تحقیق، پائیدار کان کنی اور تجارتی و اقتصادی تعلقات جیسے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔