کابل ، 10؍مئی
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے طالبان کی جانب سے افغانستان میں خواتین کے لیے حجاب کو لازمی قرار دینے کے حکم کے بعد افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے خوف کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ افغان خواتین کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر طالبان کو جوابدہ بنائیں۔ ملالہ نے ایک ٹویٹ کیا کہ طالبان افغانستان کی تمام عوامی زندگی سے لڑکیوں اور خواتین کو مٹانا چاہتے ہیں۔
لڑکیوں کو اسکول سے باہر رکھنا اور خواتین کو کام سے دور رکھنا، انہیں خاندان کے کسی مرد کے بغیر سفر کرنے کی اجازت سے انکار کرنا، اور انہیں اپنے چہرے ڈھانپنے پر مجبور کرنا قابل تشویش عمل ہیں۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ طالبان کو لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اجتماعی کارروائی کریں۔
ملالہ نے مزید کہا کہ ہمیں افغان خواتین کے لیے خطرے کا احساس نہیں کھونا چاہیے کیونکہ طالبان اپنے وعدوں کو توڑ رہے ہیں۔ اب بھی، خواتین اپنے انسانی حقوق اور وقار کے لیے لڑنے کے لیے سڑکوں پر آ رہی ہیں۔ ہم سب، اور خاص طور پر مسلم ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین کوان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ قبل ازیں، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس نے اتوار کو طالبان کی جانب سے افغان خواتین کو سر سے پاؤں تک ڈھانپنے کے پابند کرنے کے حالیہ فیصلے کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
طالبان کا یہ فیصلہ انسانی حقوق کے مبصرین کی جانب سے شدید تنقید کا باعث بنا۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ بینیٹ نے کہا کہ قدم بہ قدم، طالبان افغان خواتین کے انسانی حقوق کو سلب کر رہے ہیں۔تعلیم، نقل و حرکت، ملازمت اور عوامی زندگی پر پابندیاں لگانے والے لازمی چہرے کو ڈھانپنے کے تازہ ترین حکم نامے کے ساتھ قدم بہ قدم طالبان افغان خواتین کے انسانی حقوق کو ختم کر رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتائج برآمد ہونے چاہئیں۔