بیجنگ،12مئی (انڈیا نیرٹیو)
چین میں جنوب مغربی شہر چونگ کنگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی کمپنی "تبت ایئرلائنز" کا ایک طیارہ رن وے سے اتر گیا جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آج جمعرات کے روز پیش آیا۔
سرکاری ٹیلی وژن CCTVنے بتایا کہ مذکورہ طیارہ اندرون ملک پرواز کے سلسلے میں تبت ریجن کے صدر مقام لاسا جانے کے لیے اڑان کی تیاری میں تھا۔ اس دوران میں وہ رن وے سے باہر چلا گیا اور طیارے نے آگ پکڑ لی۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ژنہوا" کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ تاہم ان کی تعداد کا تعین نہیں کیا گیا۔حادثے کے ایک منٹ بعد ہی رن وے کو بند کر دیا گیا تھا۔