وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا
ہندوستانی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم نے اتوار کو یہاں فائنل میں 14 بار کی چمپئن انڈونیشیا کے خلاف 3-0 کی شاندار جیت درج کرنے کے بعد پہلی بار تھامس کپ کا خطاب جیت کر تاریخ میں اپنا نام لکھا۔
عالمی چیمپئن شپ کے تمغہ جیتنے والے لکشیا سین، کدامبی سری کانت اور دنیا کی آٹھویں نمبر کی ڈبلز جوڑی چراغ شیٹی اور ستوک سائراج رینکیریڈی نے اتوار کو ہندوستان کے لیے یادگار کارکردگی پیش کی۔
لکشیا نے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے پانچویں نمبر کے کھلاڑی انتھونی سینیسوکا گنٹنگ کو 8-21، 21-17، 21-16 سے شکست دے کر ہندوستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔ ملک کی بہترین ڈبلز جوڑی ستوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی نے ایک بار پھر مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد احسن اور کیون سنجے سکمولجو کو دوسرے میچ میں 18-21 23-21 21-19 سے شکست دی۔ دوسرے سنگلز میں سری کانت نے ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ جوناتھن کرسٹی کو 48 منٹ میں 21-15 23-21 سے ہرا کر ہندوستان کو تاریخی فتح دلائی۔
وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے مبارکباد دی
اس تاریخی جیت پر ہندوستان کو مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ٹھاکر نے ٹویٹ کیا، ٹیم انڈیا نے 14 بار کی چیمپئن انڈونیشیا کو 3-0 سے شکست دے کر اپنا پہلا تھامس کپ جیت لیا، ہندوستان کی بے مثال جیت کے لیے 1 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں۔"