اسلام آباد، 27؍مئی
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار حکومت ہند ایندھن کی قیمتیں کم کرنے میں کامیاب ہوئے ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ روس سے تیل سستا ہونے کی وجہ سے ہندوستان اس بار تیل کی قیمتیں کم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پاکستان میں شہباز شریف کی حکومت نے ایندھن پر سبسڈی کم کرنے کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹراضافہ کیا۔ تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ہی بار میں سب سے زیادہ اضافے کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو متاثر کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ دراصل وہ قیمت ہے جو پاکستان "نااہل اور بے حس" حکومت کو ادا کرنے جا رہا ہے جس نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کے معاہدے پر عمل نہیں کیا۔ عمران خان جنہیں قبل ازیں تحریک عدم اعتماد میں وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے سستے تیل پر ماسکو کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے روس کا دورہ کیا تھا۔ یہ دورہ یوکرین پر روس کے حملے کے آغاز کے موقع پر ہوا اور عمران خان کے دورے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
عمران خان نے ایک ٹویٹ کیا کہ قوم نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ غیر ملکی آقاؤں کے سامنے درآمدی حکومت کی ماتحتی کی قیمت ادا کرنا شروع کردی ہے – ہماری تاریخ میں سب سے زیادہ قیمتوں میں اضافہ۔ نااہل اور بے حس حکومت نے روس کے ساتھ ہمارے معاہدے کی پیروی نہیں کی۔اس کے برعکس امریکہ کا سٹریٹجک اتحادی بھارت روس سے سستا تیل خرید کر ایندھن کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر کمی کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔