پونے | ممبئی: 29 مئی 22
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے ہفتہ کی شام ومان نگر میں پونے میونسپل کارپوریشن (پی ایم سی) کے ذریعہ تعمیر کردہ تکشیلا اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ زمینی سطح پر کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب ٹھاکر نے پونے میں کارپوریٹ برادری سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور اپنے سی ایس آر (کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) فنڈ کے ذریعے کھیلوں کی بنیادی ڈھانچے کے لیے فنڈ فراہم کریں۔
نوجوانوں سے کھیل اور فٹنس اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ان الفاظ کو یاد کرتے ہوئے کہا: "کھیلوگے تو کھلوگے!" انھوں کہا کہ "کھیل صبر کرنا سکھاتا ہے، خود اعتمادی پیدا کرتا ہے اور قائدانہ خصوصیات پیدا کرتا ہے۔" انھوں نے بتایا کہ بھارت میں موٹے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور سست طرز زندگی نے لوگوں کو رویے بدل کے رکھ دیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ فٹنس سب کے لیے ضروری ہے۔
یہ بتاتے ہوئے کہ یہ اسپورٹس کمپلیکس علاقے کے نوجوانوں اور عام لوگوں کے لیے تعمیر کیا گیا ہے، وزیر موصوف نے زور دیا کہ "اپنے اے سی کمروں سے باہر آئیں، یہاں آدھے گھنٹے تک کھیلوں کی مشق کریں۔ پھر آپ فٹ ہو جائیں گے، صحت اور علاج کے بلوں کو کم کریں گے، کھیلوں کا شوق پیدا کریں گے"۔
ملک میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینے کے بارے میں بات کرتے ہوئے جناب ٹھاکر نے کہا، "جب ہمارے بچوں کو کھیلنے کا موقع ملے گا تو ان میں کھیلوں کا شوق پیدا ہوگا۔ پھر وہ ملک اور غیر ملکی دھرتی پر میچ جیتنے کے لیے خود آگے بڑھیں گے"۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کا ٹورنامنٹ اعصاب کی جنگ ہوتا ہے جو بتاتا ہے کہ کوئی شخص ذہنی طور پر کتنا مضبوط ہوسکتا ہے۔
جناب ٹھاکر نے کہا کہ حکومت کھیلوں کو بہت اہمیت دیتی ہے اور مرکز ملک بھر میں زمینی سطح کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کا بجٹ جو پہلے تقریباً 1200 کروڑ روپے ہوا کرتا تھا، اسے بڑھا کر 3000 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں پر خرچ کرنے کے لیے زیادہ فنڈ ہو۔
مزید برآں ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم (ٹی او پی ایس) کے تحت حکومت نے ایلیٹ کھلاڑیوں کی غیر ملکی تربیت کی مکمل ذمہ داری لی ہے جس میں ہر کھلاڑی کے لیے ماہانہ وظیفہ 50,000 روپے کے علاوہ غیر ممالک میں ان کا قیام، خوراک، سازوسامان، بین الاقوامی مقابلے شامل ہیں۔ "اب کھلاڑیوں کو صرف کھیلنے کی ضرورت ہے اور کسی اور چیز کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے طور پر کوششیں کر رہے ہیں اور ملک کے لیے تمغے جیت رہے ہیں۔"
اس سے قبل مرکزی وزیر نے پونے کے مشہور گلشاچی تلیم اکھاڑا کا دورہ کیا جہاں انھوں نے اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کے ایک مرکز کا افتتاح کیا اور تربیت یافتہ پہلوانوں سے بات چیت کی۔ ایس اے آئی نے مہاراشٹر میں زیادہ سے زیادہ ریسلنگ اکھاڑوں کو اپنایا ہے۔ جناب ٹھاکر نے ڈھول تاشا کے کھلاڑیوں کو قومی سطح کے کھیلوں میں کھیلنے کا موقع دینے کا بھی وعدہ کیا۔
تکشیلا اسپورٹس کمپلیکس کے بارے میں
بین الاقوامی سطح کے کھلاڑیوں کی تربیت کے مقصد سے پونے میونسپل کارپوریشن نے ومان نگر میں تقریباً 2.1 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تکشیلا اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا ہے۔
- اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، والی بال اور کبڈی کے لیے بین الاقوامی سطح کی سہولیات تیار کی گئی ہیں۔
- کھلاڑیوں کے لیے جدید ترین سہولیات کے علاوہ کمپلیکس میں ایک اوپن ایئر جمنازیم بھی ہے۔ اسی طرح ایک منی فٹ بال گراؤنڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔
- اسپورٹس کمپلیکس اور پڑوسی بین الاقوامی سطح کے اسکیٹنگ ایرینا کو ملانے والا ایک ہائی ٹیک پل ہے۔
- تقریباً ایک ایکڑ اراضی پر تعمیر کردہ اسپورٹس کمپلیکس میں جلد ہی 1500 بیٹھنے کی گنجائش والی تماشائی گیلری تیار کی جائے گی۔
· مستقبل قریب میں 400 کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔