نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج راجدھانی لبریول میں اعلیٰ سطح کی میٹنگوں کے ساتھ جمہوریہ گیبن کا اعلیٰ سطح کا اپنا پہلا دورہ شروع کیا۔
نائب صدرجمہوریہ کو ، جو کل گیبن کی راجدھانی پہنچے ہیں ، باقاعدہ استقبالیہ دیا گیا۔ یہ استقبالیہ انہیں گیبن کی وزیراعظم محترمہ روز کرسٹیانے اوسوکا ریپوندا اور خارجی امور کے وزیر جناب مائیکل موسیٰ ادامو نے دیا ۔
آج اپنی پہلی مصروفیت کے طور پرجناب نائیڈو نے گیبن کے وزیر خارجہ مایکل موسیٰ ادامو کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی ۔ اس کے بعد وہ گیبن کے صدر عزت مآب جناب علی بونگو اوندمبا سے ملے ۔
اس کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کے صدر جناب فوسٹن بوکوبی اور سینٹ کی صدر محترمہ لوسی ملیبو سے ملاقات کی ۔اس موقع پر جناب نائیڈو بھارت – گیبن تعلقات میں جمہوریت اورتکثیریت کی مشترکہ اقدا ر کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارت کے آئین کی نقل ، دونوں صدارتی افسران کو پیش کی ۔
نائب صدرجمہوریہ نے گیبن کی وزیر اعظم محترمہ رو ز کرسٹیانے اوسوکاریپوندا کے ساتھ وفد سطح کی بات چیت کی قیادت کی ۔یہ بات چیت دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے بہت سے معاملات پر کی گئی اور اس میں دوطرفہ تعلقا ت میں گہرائی لانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ اس کے دوران دو مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے ، جن کے نام اس طرح ہیں: حکومت ہند اور گیبن کے درمیان ایک مشترکہ کمیشن کا قیام اور سفارتی تربیت کے اداروں ،غیر ملکی خدمات کے سشما سوراج انسٹی ٹیوٹ اور گیبن کی وزارت خارجہ کے درمیان ایک مفاہمت نامہ نائب صدرجمہوریہ جناب نائیڈو اور گیبن کی وزیر اعظم محترمہ رو ز کرسٹیانے اوسوکاریپوندا نے مفاہمت نامے پر اپنے سامنے دستخط کرائے ۔
لبریول میں آج بھارت اور گیبن کےدرمیان مفاہمت ناموں پر دستخط کئے گئے
گیبن کی قیادت کے ساتھ اپنی بات چیت میں نائب صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ بھارت گیبن کےساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے گیبن کے ترقیاتی سفر میں اس کے قابل اعتبار شراکتدار ہونے کے حکومت ہند کے عز م کو دہرایا۔
انہو ں نے کہا :‘‘ ہم مختلف میدانوں میں اپنے تعاون میں توسیع دینے کے لئے گیبن کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ اپنے باہمی علاقائی اور کثیر ملکی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جاسکے ۔بھارت اور گیبن کے درمیان دوطرفہ تجارت میں لگاتار اضافے کا ذکر کرتے ہوئے ، جو کووڈ -19 عالمی وبا کے باوجود 22-2021 میں ایک ارب امریکی ڈالر کو پار کرگئی ہے ، جناب نائیڈ و نے ہماری تجارت ،خاص طور پر صحت اور دواسازی ،توانائی ،زراعت ، چاول ،دفاع ،سلامتی کےشعبوں میں مختلف امکانات تلاش کرنے کے لئے کہا ۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تیل اور گیس ،کانکنی ،لکڑی کو قابل استعمال بنانے، دفاع اور شمسی توانائی جیسے کلیدی شعبوں میں شراکتداری میں اضافے کی خواہش ظاہر کی ۔
صلاحیت سازی کو ،افریقہ کے ساتھ بھارت کی دوستی کا ایک اہم ستون قراردیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے گیبن کے 20 سفارتکاروں کے اگلے بیج کے لئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کے لئے حکومت ہند کی طرف سے اجازت کا اعلان کیا۔
23-2022 کی مدت کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکن کے طورپر منتخب ہونےپر گیبن کو مبارکباددیتے ہوئے جناب نائیڈو نے یو این ایس سی میں مستقل رکنیت کی بھارت کی امیدواری کی حمایت کرنے پر گیبن کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔اقوام متحدہ ، خاص طورپراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کی روک تھام اور آب وہوا میں تبدیلی جیسے معاملات پر دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کے لئے کہا ۔
نائب صدر جمہوریہ نے اپنی بات چیت میں مشترکہ افریقی موقف کے لئے بھارت کی حمایت کو بھی دوہرایا۔ انہوں نے افریقی براعظم کے ساتھ تاریخی ناانصافی کو دور کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگرکیا۔
انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے میں قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگرکیا۔ ناوابستہ تحریک کی اقدار اور اصولوں پر ان کے پورے جذبے اور روح سے عمل کیا جارہا ہے اور ناوابستہ تحریک ،ترقی پذیر دنیا کی افادیت کے تازہ ترین معاملات کو اصل دھارے میں لانے پر توجہ دے رہی ہے۔
اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ گیبن ان پہلے ملکوں میں شامل ہے، جنہوں نے بین الاقوامی شمسی اتحاد کے سمجھوتے پر دستخط کئے اور اس کی توثیق کی اور 2030 تک اس کا اپنی توانائی کو 100فیصد صاف ستھرا بنانے کا منصوبہ ہے، جناب نائیڈو نے کہا کہ بھارت قابل تجدید توانائی کے ، گیبن کے مقاصد کو حاصل کرنے میں بھارت ہر ممکن مدددے گا۔
اس کے باوجود گیبن میں بھارتی برادری کی تعداد قدرے کم ہے ، نائب صدر جمہوریہ نے ، گیبن کی معیشت میں ، اس کے قابل قدر تعاون کو سراہا۔انہوں نے بھارتی شہریوں کی اچھی دیکھ بھال پر گیبن کی حکومت کو سراہا۔
گیبن کی وزیراعظم نے ، نائب صدر جمہوریہ کے اعزاز میں ایک شاندار ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔ جناب نائیڈو نے صنفی برابری کے میدان میں گیبن نے جو ترقی کی ہے، اس کی ستائش کرتے ہوئے گیبن کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے پر محترمہ محترمہ رو ز کرسٹیانے اوسوکاریپوندا کو مبارکباددی ۔
اس دورے میں جناب نائیڈو کے ساتھ صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار اور ارکان پارلیمنٹ جناب سشیل کمار مودی ، جناب وجے پال سنگھ تومر ، جناب پی رویندر ناتھ اور نائب صدر جمہوریہ کے دفتراوروزارت خارجہ کے سینئیر افسران بھی موجودتھے۔