انڈونیشیاکے دارالحکومت جکارتہ میں منعقدہ ایشیا کپ 2022 میں جاپان کو 1-0 سے شکست دے کرہندوستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ بدھ کے روز کانسہ کے تمغے کے لئے کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے واحد گول راجکمار پال نے 6ویں منٹ میں کیا اور یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔
آخری لمحات میں 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے جاپان کو برابری نہیں کرنے دی۔ میچ میں جاپان کو 7 اور بھارت کو صرف دو پنالٹی کارنر ملے۔ واضح ہو کہ ٹیم انڈیا ایشیا کپ کی گذشتہ فاتح ہے اور اپنے خطاب کا دفاع کر رہی تھی۔ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے دوسری بار کانسہ کا تمغہ جیتا ہے۔
ہندوستان نے پہلے پانچ منٹ میں کئی حملے کیے لیکن ڈی کے اندر کامیاب نہیں ہو سکے۔ تاہم6ویں منٹ میں اتم سنگھ نے جوابی حملہ سے داہنے فلیک سے گیند کو راجکمار کی طرف پہنچایا، جنھوں نے جاپانی گول کیپر تاکاشی یوشیکاوا کو ڈاج دے کر گول کر دیا۔ تین منٹ بعد ہندوستان کو مسلسل دو پنالٹی کارنر ملے لیکن گول نہ ہو سکا۔
پہلے کوارٹر کے آخری پانچ منٹوں میں جاپان نے برابری کی بھرپور کوشش کی لیکن ہندوستانی دفاع کافی مضبوط نظر آیا۔ جاپان کو 20ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر ملے جنہیں ہندوستانی دفاع نے تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ دونوں ٹیموں نے دوسرے کوارٹر میں کئی مواقع پیدا کیے لیکن تیسرے کوارٹر میں رفتار برقرار نہ رکھ سکیں۔
وقفے کے بعد جاپان نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور لگاتار دو پنالٹی کارنرس بنائے لیکن ہندوستانی دفاع کوپار نہپاسکے۔ ہندوستان کو ایک اور گول کرنے کا موقع بھی ملا لیکن ایس وی سنیل کے پاس پر راجکمار کا شاٹ اوپر سے نکل گیا۔ جاپانیوں نے آخری دو کوارٹر میں برابری کی گول کی بہت کوشش کی لیکن بریندر لاکڑا کی قیادت میں ہندوستانی دفاع بہت مضبوط تھا۔ جاپان کو 48ویں منٹ میں لگاتار تین پنالٹی کارنر ملے جو گول میں تبدیل نہ ہو سکے۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی۔ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان سپر 4 مرحلے کا آخری راونڈ رابن لیگ میچ 4-4 سے برابری پر ختم ہوا۔ فائنل کے لحاظ سے یہ میچ ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت اہم تھا۔ کوریا اور ملیشیا نے بہتر گول اوسط کی وجہ سے فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میچ کوریا اور ملیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔