دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کے درمیان عالمی اور علاقائی منظر نامے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال
ہندوستان کے ایک روزہ دورے پرآئے اسرائیل کے وزیر دفاع بنجامن گانٹز نے جمعرات کے روز نئی دہلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ گرمجوشی سے ملاقات کی۔ اس کے بعد دونوں وزرائے دفاع کے درمیان دو طرفہ میٹنگ ہوئی جس میں دفاعی تعاون، عالمی اور علاقائی منظر نامے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع معاہدہ ہوا ہے۔
دو طرفہ ملاقات کے بعد راج ناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں ممالک نے 'وژن اسٹیٹمنٹ' اپنایا ہے، جو مستقبل میں دفاعی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر وسیع اتفاق رائے ہے۔ اسرائیل کے وزیر دفاع بنجامن گانٹز نے جمعرات کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں نیشنل وار میموریل(قومی جنگی یادگار)پر پھول چڑھا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں انہیں ٹرائی سروس گارڈ آف آنر دیا گیا۔
اسرائیل کے وزیر دفاع گانٹزکی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہونا ہے۔ اسرائیلی وزیر گانٹز کے ساتھ چیف آف اسٹاف مائن اسرائیلی، بین الاقوامی دفاعی تعاون کے ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل یائر کلوسو، بیورو آف پالیسی اینڈ پی او ایل۔ایم آئی ایل کے ڈائریکٹرڈاکٹر شالوم اور ملٹری سکریٹری بی جی یاکی ڈولف ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران دونوں فریق اسرائیل اور ہندوستان کے درمیان سفارتی اور دفاعی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل کر رہے ہیں۔گذشتہ سال ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے اکتوبر میں، اس وقت کے ہندوستانی آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے نے نومبر میں اور فضائیہ کے سربراہ آر کے ایس بھدوریا نے اگست میں اسرائیل کا دورہ کیاتھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی 2017 میں اسرائیل کا دورہ کیاتھاجس میں تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری میں اپ گریڈ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل کے اس وقت کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے 2018 میں ہندوستان کا دورہ کیاتھا۔