ممبئی پولیس نے فلم اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد باندرہ میں واقع سلمان خان کی رہائش گاہ پر سیکورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
پیر کے روز ممبئی کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس وشواس ناگرے پاٹل خود سلمان خان کی رہائش گاہ گئے اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی پولیس سلمان خان اور سلیم خان کو اضافی سیکورٹی فراہم کرنے والی ہے۔
اتوار کی صبح سلمان خان کے والد سلیم خان صبح کی سیر کے لیے نکلے تھے۔ جب وہ ایک بینچ پر بیٹھے تھے تو وہاں پہلے سے ہی رکھا گیا ایک دھمکی آمیز خط انہیں ملا۔ اس خط میں سلمان خان اور سلیم خان کی حالت گلوکار سدھو موسے والا کی طرح کرنے کے بارے میں لکھا ہوا تھا۔ اس خط میں جی بی اوراین بھی لکھا گیا ہے۔ اس لیے ممبئی پولیس اس خط کو لے کرمحتاط ہوگئی اور اتوار کو ہی باندرہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔
اس کے بعد پیر کی صبح باندرہ علاقے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس منجوناتھ شنگے نے سلمان خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ اس کے بعد ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس وشواس ناگرے پاٹل بھی سلمان خان کی رہائش گاہ پر گئے۔ فی الحال سلمان کی رہائش گاہ پر پولیس کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممبئی پولیس سلمان خان اور سلیم خان کا بیان ریکارڈ کرنے جا رہی ہے۔ پولیس سلمان خان کی رہائش گاہ اور جہاں سلیم خان مارننگ واک کے لئے باقاعدگی سے جاتے ہیں،وہاں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔