اراکین پارلیمنٹ نے متاثرکن اور حتمی فیصلہ دے دیا: بورس جانسن
لندن،07جون(انڈیا نیرٹیو)
تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کا پہلا بیان سامنے آگیا۔برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ نے متاثر کن اور حتمی فیصلہ دے دیا، آج کا نتیجہ سیاست اور ملک کے لیے اچھا ہے، اب حکومت چاہتی ہے کہ سب مل کر آگے بڑھیں۔بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد فوری الیکشن میں دلچسپی نہیں، اپنے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے، اعتماد کے حوالے سے ساتھیوں نے 2019 سے بھی بڑا مینڈیٹ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو مضبوط کرنے اور ملک بھر میں یکساں مواقع فراہم کرنے کا موقع ملا ہے۔
قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی، ان کا کہنا ہے کہ تحریک کی ناکامی سے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی ووٹنگ ہاوٓس آف کامنز میں ہوئی۔ووٹنگ کا عمل پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بجے شروع ہوا جو 12 بجے تک جاری رہا۔ عدم اعتماد پر ووٹنگ کا نتیجہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے سامنے آیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق 211 کنزرویٹو ارکان نے وزیر اعظم کے حق میں اور 148 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 180 ووٹ درکار تھے۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب ایک برس تک بورس جانسن کے خلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد پیش نہیں ہوسکے گی۔ وزیراعظم کی کابینہ کی ٹیم میں شامل کئی وزرا نے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ بورس جانسن کے علاوہ کابینہ کے ارکان سمیت اراکین پارلیمنٹ تحریک کو ناکام بنانے کیلئے دن بھر سرگرم رہے۔